پاکستان کیلئے بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کیا جائے‘سنت ابراہیمی کے ساتھ نبی کریم کے خطبہ حج اور عید کی خوشیوں میں شہداء کے خاندانوں، غرباء اور مساکین کو بھی یاد رکھا جائے

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی کے عید الالضحیٰ کے موقع پر پیغامات

پیر 12 ستمبر 2016 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 ستمبر۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کا آخری خطبہ حج ہر دور میں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کیا جائے، عید کی خوشیوں میں ہمیں شہداء وطن کے خاندانوں، غریبوں، مساکین اور دیگر مستحقین کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔

پاکستان مسلم لیگ کے قائدین نے عیدالاضحی پر اپنے اپنے پیغامات تہنیت میں حج بیت اللہ کا فریضہ ادا کرنے والوں کو بھی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں جن کو ایک بار پھر اللہ تعالیٰ نے ایک آزاد و خودمختار ملک میں حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی سنت پر عمل کرنے اور اپنی اپنی رضا اور استعداد کے مطابق جانوروں کی قربانی کرنے کا موقع دیا جبکہ ہمارے ہمسایہ بھارت کے بعض علاقوں میں مسلمانوں کو گائے کی قربانی دینے کی بھی اجازت نہیں۔

(جاری ہے)

حضور نبی کریم نے اپنے پہلے اور آخری خطبہ حج میں جو درس دیا وہ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان کیلئے نجات کا پیغام ہے، ہمیں آج جہاں اسوئہ حسنہ پر عمل میں کوتاہی نہ کرنے کا عہد کرنا چاہئے وہاں پاکستان کے نام سے اس خطہ خداداد کی سالمیت و یکجہتی کے دفاع اور خوشحالی و ترقی کیلئے کسی قربانی سے بھی دریغ نہ کرنے کا عزم کیا جائے، ہمیں سربسجود ہو کر دعا کرنی چاہئے کہ اللہ کریم ہمیں توفیق دے کہ ہم اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ کے دئیے ہوئے اصولوں کے مطابق پاکستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ اور ایک ایسی اسلامی فلاحی مملکت بنا سکیں جو دنیا بھر میں طنز و تنقید کی بجائے رہنمائی کا مثالی مرکز ہو۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دنیا و آخرت میں سربلند و سرخرو فرمائے، آمین۔