عیدا لاضحیٰ کی تعلطیلات کے دوران میٹرو پولیٹین اسلام آباد کے تمام متعلقہ شعبے خصوصی ڈیوٹی دینگے، میئر اسلام آباد شیخ انصر کی ہدایت

پیر 12 ستمبر 2016 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 ستمبر۔2016ء) اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر عیدا لاضحیٰ کی تعلطیلات کے دوران میٹرو پولیٹین اسلام آباد کے تمام متعلقہ شعبے خصوصی ڈیوٹی دینگے جس میں عید پر قربان کیے جانے والے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لیے کیے جانے والے خصوصی آپریشن بھی شامل ہے ۔ جبکہ عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران واٹر سپلائی ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، 1122 اور کیپٹل ہسپتال کے شعبوں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

تاکہ یہ تمام شعبے باہم مل کر ان چھٹیوں کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کی خدمت کر سکیں۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے میئر، شیخ انصر عزیز نے تمام شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کے مبارک موقع پر اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لیے 2000 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز اپنی ڈیوٹی ادا کریں گے۔

سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ دیگر شعبوں کی 100 سے زائد گاڑیا ں اس خصوصی آپریشن میں حصہ لیں گی۔ اس کے علاوہ ان آلائشوں کو سائنٹیفک انداز سے ٹھکانے لگانے کے لیے اسلام آباد کے 18 مقامات پر خصوصی طور پر گڑھے کھودے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے سینی ٹیشن میں 1334اور9213908 کی ہلیپ لائین بنا دی گئی ہے۔ جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ ہیلپ لائن پر 24 گھنٹے ذمہ دار عملہ تعینات رہے گا جبکہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور دیگر افسران ان چھٹیوں کے دوران آلائشیں اٹھانے کے اس آپریشن کی نگرانی کریں گے۔

شیخ انصر عزیز نے بتایا کہ اس خصوصی آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے سینی ٹیشن اور ضروری سروسزفراہم کرنے والے دیگرشعبوں کے افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوان شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے واٹر ٹینکرز کے علاوہ تمام واٹر انکوائری پر عملے کی ہمہ وقت موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایمرجنسی و ڈیزاسٹر منجمنٹ کے ساتھ ساتھ ایمبولینس سروس1122 بھی ان چھٹیوں کے درمیان الرٹ رہیں گے۔ شیخ انصر عزیز نے بتایا کہ کیپٹل ہسپتال کی ایمرجنسی 24 گھنٹے کھلی رکھنے اور زندگی بچانے والی ادویات کی وافر مقدار میں موجودگی کے علاوہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حاضر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اسلام آباد کے میئر اورچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں نالوں اور جنگل میں نہ پھینکیں بلکہ قربانی کی جگہ انہیں رکھ دیا جائے جہاں سے سی ڈی اے کا عملہ اسے اٹھا کر لے جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ عید الاضحی پر ڈیوٹی دینے والے عملے سے تعاون کریں تاکہ شہریوں کو زیادہ بہتر انداز میں سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں۔ تاہم کسی بھی شکایت کی صورت میں سی ڈی اے کی ہیلپ لائن نمبر1334 ،9213908 ،9211555 یا9206102 پر شہری اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :