Live Updates

عمران خان کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث تحریک انصاف کی سیاست میں سپیس سکڑ رہی ہے ‘ خواجہ سعد رفیق

پیر 12 ستمبر 2016 15:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث تحریک انصاف کی سیاست میں سپیس سکڑ رہی ہے ،پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی اکثریت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں پر زور دے رہے ہیں جبکہ عمران خان تنہا مخالفت میں کھڑے ہیں ،(ن) لیگ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے جائے گی عمران خان بتائیں ان کے پاس عوام کو بتانے کے لئے کیا ہے؟۔

ایک انٹر ویو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی اوئے توئے کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ۔ اگر عوام نے آپ کو ووٹ نہیں دئیے تو اپنی کمزوریاں تلاش کرکے اصلاح کریں، قول و فعل میں تضاد کو ختم کیا جائے ۔ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے دن رات ایک کیا او ران کے سر کے بال سفید ہو گئے آپ نے انہیں ہی دھکا دیدیا ، پی ٹی آئی کے بانی آج کہاں ہیں ؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا غیر سنجیدہ رویہ سیاست میں اپنے سپیس کم کرنے کا باعث بن رہا ہے ۔ پیپلز پارٹی پہلے ہی مقابلے سے آؤٹ ہے اور ایک عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف بھی اسی راہ پر گامزن ہے ۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف سیاست میں رہے اور سیاسی میدان میں رہ کر ہمارا مقابلہ کرے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے نیا کام شروع کر دیا ہے وہ کہتے ہیں کہ الزامات اور جھوٹ کی ایسی دھول اڑاؤکہ یہ سچ لگنے لگیں لیکن عوام باشعور ہیں آپ کے فارمولوں کو مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اوئے توئے سے نیچے بات نہیں کرتے لیکن ہم پھر بھی ان کی اصلاح چاہتے ہیں ۔ اب بھی وقت ہے مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں ہمار ی غلطیوں پر تنقید کریں لیکن مسلم لیگ (ن) کی مخالفت میں ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات