Live Updates

اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی یا پھر ان کا شیطان سے مک مکا ہو گیا ،ہم نے انہیں رائیونڈ جانے سے نہیں روکا‘ پرویز رشید

پیر 12 ستمبر 2016 15:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے حج کے مقدس مہینے میں حج پر اور رائے ونڈ جانے کے دو وعدے کئے تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے انہیں حج پر جانے کی اجازت نہیں دی یا پھر ان کا شیطان سے مک مکا ہو گیا ہے جبکہ ہم نے انہیں رائیونڈ جانے سے روکا نہیں ،پیپلزپارٹی ، جماعت اسلامی ، عوامی نیشنل پارٹی ،جمعیت علمائے اسلام حتیٰ کہ انکے اپنے کزن نے رائیونڈ جانے کی مخالفت کر دی ہے جس کے بعد عمران خان تنہا رہ گئے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ میں سب سے پہلے تمام مسلمانوں کو وزیر اعظم نواز شریف ، مسلم لیگ (ن) اور اپنی طرف سے حج کی مبارکباد دیتا ہوں ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2013سے 2016ء تک چار سال حج کے انتظامات کئے ہیں اور اس تمام عرصے میں جو حجا ج کرام واپس آئے ہیں انہوں نے حکومت کے اقدامات کی تعریف اورانتظامات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن ) کی حکومت سے پہلے سرکاری حج زیادہ پیسوں میں ہوتا تھا جبکہ پرائیویٹ حج اس سے بھی مہنگا تھا اور لوگ بہترین انتظامات کو دیکھتے ہوئے پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پر جانے کو ترجیح دیتے تھے لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اخراجات کم کئے ہیں اور سہولتوں میں اضافہ کیا ہے اور اس خدمت کے ذریعے ہم عوام اور اللہ کے سامنے سر خرو ہوئے ہیں کہ ہم اس کے بندوں کو عبادت کیلئے بہترین انتظامات کر کے دیتے ہیں۔

آج بہترین سہولتوں ں کی وجہ سے لوگ پرائیویٹ کی بجائے سرکاری حج سکیم کے تحت جانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج مقدس مہینہ ہے اور اس میں عمران خان نے دو وعدے کئے تھے ۔ ایک انہوں نے وعدہ کیا تھاکہ وہ حج پر تشریف لے جائیں گے اور دوسراانہوں نے عوام کو رائیونڈ جانے کی دھمکی دی تھی ۔حج پر تو وہ جا نہیں سکے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی یاپھر ہو سکتا ہے کہ ان کا شیطان سے مک مکا ہو گیا ہو جبکہ ہم نے انہیں رائے ونڈ جانے سے روکا نہیں ۔

ایک پنڈی والے صاحب ہیں جو ہر مرتبہ کہتے ہیں کہ عید سے پہلے قربانی کرینگے او راس کے لئے وہ طرح طرح کے نام لیتے ہیں لیکن اب سنا ہے کہ وہ بھی ایک لاکھ کا اونٹ خرید کر واپس چلے گئے ہیں لہٰذا ان کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہوا ۔ پیپلز پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی ، جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام حتیٰ کہ ان کے جو کزن ہیں انہوں نے بھی رائیونڈ جانے کی مخالفت کی ہے ۔ عمران خان اکیلے رہ گئے ہیں اور وہ تنہا ہی رہیں گے ۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے دور میں سپریم کورٹ ، لغاری ہاؤس پر دھاوا بولنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ سب باتیں ریکارڈ میں غلط ثابت ہوئی ہیں ۔ سپریم کورٹ پر حملے کے بارے میں خود پرویز مشرف نے انکوائری کرائی لیکن یہ غلط ثابت ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :