عیدالاضحی کل مذہبی جوش وخروش سے منائی جائیگی ، سکیورٹی ہائی الرٹ

پیر 12 ستمبر 2016 14:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) ملک بھر میں عیدالاضحی کل بمطاق 10ذوالحج (بروزمنگل ) مذہبی جوش وخروش سے منائی جائے گی ، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں نمازعید کے ہزاروں اجتماعات ہوں گے جس کے بعد لاکھوں فرزندان اسلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے،دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سکیورٹی بدستور ہائی الرٹ ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحی کا تہوار آج بمطابق 10ذو الحج ( بروزمنگل)کو مذہبی جوش و خروش سے منایا جائے گا ۔صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے ہزاروں اجتماعات ہوں گے جس میں علماء کرام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالیں گے ۔

(جاری ہے)

نماز کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی ،سلامتی اور دہشتگردی سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ بعد ازاں لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کوحتمی شکل دیدی ہے ۔ نماز عید کے اجتماعات کے مقامات کے ایک کلو میٹر اطراف میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں مساجد کے قریب پارکنگ ممنوعہ ہو گی جبکہ نمازیوں کوجامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت ہو گی ۔ذرائع کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر ممکنہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :