کراچی‘ منگھو پیرمیں پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، اے ایس آئی زخمی

پیر 12 ستمبر 2016 11:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 ستمبر۔2016ء) منگھو پیر میں پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک ملزم ہلاک ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگھو پیر کے علاقے اتحاد ٹاوٴن میں محمد خان چوکی کے قریب گشت پر مامور پولیس پارٹی نے موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کردیا۔

ہینڈ کریکر پھینکنے کے بعد ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں موبائل میں موجود اے ایس ائی سرفرز اعوان زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔ایس ایچ او منگھو پیرغلام حسین کورائی کے مطابق پولیس نے جوابی کارروائی کی اس دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت واحد بخش عرف اوبامہ کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے موٹر سائیکل اور دستی بم بھی برآمد ہوا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے حملہ آوروں کی تلاش میں علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے دیگر ملزمان کی پہاڑی علاقے میں تلاش جاری ہے۔منگھوپیر پولیس مقابلے میں دہشت گرد کی ہلاکت پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس پارٹی کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے اس کے علاوہ پولیس پارٹی کو سی سی ون سرٹیفکٹ بھی دیئے جائیں گے

متعلقہ عنوان :