جرمنی کی اینلیک کربر نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو شکست دیکر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

کیرولینا پلسکووا نے سیمی فائنل میں امریکہ کی سرینا ولیمز کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا میرے تمام خواب سچ ثابت ہوئے ٗ میں اس لمحے سے محظوظ ہونے کی کوشش کر رہی ہوں ٗ جرمن سٹار

اتوار 11 ستمبر 2016 12:06

جرمنی کی اینلیک کربر نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو شکست دیکر ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2016ء) جرمنی کی سٹار ٹینس کھلاڑی اینلیک کربر نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو شکست دیکر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا ہے۔وہ جرمنی کی لیجنڈ سٹیفی گراف کے بعد یو ایس اوپن جیتنے والی پہلی خاتون ہیں اس سے قبل سٹیفی گراف نے 1996 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔کربر نے یو ایس اوپن میں اپ سیٹ کرنے والی کیرولینا کو ایک سخت مقابلے کے بعد شکست دینے میں کامیاب ہوئی ہیں ٗ انھوں نے یہ مقابلہ چھ تین، چار چھ اور چھ چار سے جیتا۔

خیال رہے کہ جیت سے ان کے ورلڈ نمبر ون کی حیثیت کو مزید استحکام حاصل ہوا اور یہ طے ہے کہ سوموار کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں وہ عالمی نمبر ایک قرار پائیں گی۔کیرولینا پلسکووا نے اس سے قبل سیمی فائنل میں امریکہ کی سرینا ولیمز کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا اور اس شکست کے ساتھ ان کی ورلڈ نمبر ون کی رینکنگ خطرے میں آ گئی تھی۔

(جاری ہے)

جیت کے بعد جرمنی کی نئی سٹار نے کہاکہ میرے تمام خواب سچ ثابت ہوئے اور میں اس لمحے سے محظوظ ہونے کی کوشش کر رہی ہوں ٗیہ ناقابل یقین ہے ٗ میں اپنی دوسری گرینڈ سلیم ٹرافی کے ساتھ یہاں کھڑی ہوں اور یہ میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے ٗکربر رواں سال تین گرینڈ سلیم کے فائنل میں پہنچیں جس میں سے انھیں دو میں کامیابی ملی۔

پلسکووا نے کہاکہ مجھے پتہ چل گیا کہ میں بڑے سٹیج پر اپنی بہترین ٹینس کھیل سکتی ہوں ٗانھوں نے ثابت کردیا کہ وہ ورلڈ نمبر ون ہیں ٗمجھے پتہ تھا کہ مقابلہ سخت ہوگا تاہم مجھے دوسرے سیٹ میں کچھ تقویت ملی۔

متعلقہ عنوان :