صوبائی حکومت ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، صوبائی مشیر محنت سینیٹر سعید غنی

ہفتہ 10 ستمبر 2016 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) صوبائی مشیر محنت سینیٹر سعید غنی نے سانحہ بلدیہ کی چوتھی برسی کے موقع پر شہدا ء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سے چار سال قبل کراچی کی بلدیہ گارمنٹس فیکٹری میں ہونے والا اندوہناک سانحہ پاکستان کی مزدور تحریک کے بڑے سانحات میں شمار کیا جاتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ حالات کہ جن کے نتیجے میں ایسے حادثات پیش آتے ہیں ان کے سدباب کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں، صوبائی حکومت نے سانحہ بلدیہ کی تحقیقات کے لئے جسٹس زاہد قربان علوی کی سربراہی میں ایک کمیشن بھی قائم کیا تھا اور شہدا کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے بھی معاوضے کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ضروری قانون سازی بھی کی جارہی ہے، لیبرانسپیکشن کو بھی موثر طور پر نافذ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ اس ضمن میں اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ بہت کام ہونا باقی ہے اور مزدور تنظیموں کی مشاورت سے ہم ایسی پالیسی وضح کرنے کی کوشش کریں گے کہ اس قسم کے سانحات کا آئندہ اعادہ نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن محنت کشوں کے حوالے سے انتہائی واضح ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کی سب سے بڑی اور واحد جماعت ہے، ہم اس اعزاز کو ہمیشہ برقرار رکھیں گے ، اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کے حوالے سے اور ان کے حالات میں بہتری لانے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔