پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ اویس مظفر ٹپی کے والد مظفر حسین سید کو عبداﷲ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں سپردخاک کردیا گیا

ہفتہ 10 ستمبر 2016 22:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ اویس مظفر ٹپی کے والد مظفر حسین سید جو رضائے الہٰی سے گذشتہ روز وفات پا گئے تھے۔ آج عبداﷲ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں نماز جنازہ اور تدفین عمل میں آئی۔ نماز جنازہ و تدفین میں بڑی تعداد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں ، عمایدین شہر اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی جن میں نمایاں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، اویس شاہ نورانی، وقار مہدی، سینیٹر سعید غنی، ابو بھائی، سید نجمی عالم، عقیل کریم ڈھیڈی، عمران اسماعیل، صوبائی وزراء محمد علی ملکانی، نادر حسین خواجہ، بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی ، جاوید ناگوری، لطیف مغل، عزیز میمن، حبیب میمن، ارباب وزیر میمن، الطاف خواجہ ، سردار نزاکت حسین ، اقبال رکشہ والا، تیمور سیال ، ارشد نقوی ، نوید زبیری ، شبیر قریشی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ضمنی الیکشن میں کامیابی پی پی پی حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوامی حکومت گذشتہ آٹھ سال سے عوام کی بلا امتیاز خدمت کر رہی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پی پی پی سندھ میں سوئپ کرے گی اور کراچی میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس 127 کے ضمنی الیکشن صاف و شفاف انداز میں ہوئے ہیں ، مخالفین کو اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے۔مرحوم مظفر حسین سید کی فاتحہ سوئم 11 ستمبر بروز اتوار نمازعصر تا مغرب ان کی رہائشگاہ 8/2، کریک لین 3 آف خیابان اتحاد، ڈی ایچ اے فیز 6 پر منعقد ہوگا۔