پنجاب میں رینجر ز آپریشن سے نو گو ایریاز، اہم شخصیات بے نقاب ہونگی‘ میاں محمود الر شید

شریف برادران کی آگے پیچھے بیرون ملک روانگی، رمضان شوگر مل میں آتشزدگی نے کئی سوالات کو جنم دیدیا‘ چیچہ وطنی میں جلسہ سے خطاب

ہفتہ 10 ستمبر 2016 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء ) قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ پنجاب میں رینجر ز کو اختیارات ملنا خوش آئند، نو گو ایریا ختم، دہشت گردوں کا خاتمہ ، اہم شخصیات بے نقاب ہو گئیں، تحریک انصاف امن کی خواہاں ہے، امن و استحکام کیلئے عسکری اداروں سے تعاون کرینگے تاہم غیر جمہوری کسی اقدام کی حمایت نہیں کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیچہ وطنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے الزامات کے بعد رمضان شوگر مل میں اچانک لگنے والی آگ نے کئی سوالات کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کو مبنگ آپریشن، رینجر ز تعیناتی، اپوزیشن اتحاد، حکمرانوں کے بھارت سے ذاتی تعلقات، شریف خاندان کی شوگر مل میں آتشزدگی، نواز شریف کے اچانک جلسے، وفاقی وزرا کے جھوٹ اور شریف برادران کی آگے پیچھے بیرون ملک روانگی یہ سب ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت کمزور وکٹ پر کھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں کے حلقے این اے162کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ قوم حکمرانوں کے روپ میں بھارتی ایجنٹوں کو پہچان چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے قوم عوام دشمن اور مودی کے یارو کو مسترد کر دیں اور تحریک انصاف عمران خان کا ساتھ دیکر انکا کڑا احتساب کریں، میاں محمود الر شید نے کہا کہ سارے وسائل صرف لاہور پر خرچ کرنے والے نام نہاد خادم سے پوچھتا ہوں کہ جنوبی پنجاب میں انسان نہیں بستے؟ انکا احساس محرومی کون دور کریگا اور انہیں کب بنیادی انسانی حقوق ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خطرناک ہے، شہریوں کا جان مال اولاد عزت محفوظ نہیں، کرپشن میں صوبے کا پہلا نمبر ہے، صرف میٹرو بس اور اور نج ٹرین بنا کر قوم کو بے و قو ف نہیں بنایا جا سکتا عوام تعلیم صحت پانی اور روزگار چاہتے ہیں لیکن حکمران کی سوچ پلوں سڑکوں سے آگے جاتی ہی نہیں صرف کمیشن اور کرپشن کے چکر میں غریب ، زراعت اور کسان کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے، بھارتی مفاد کی خاطر کاشتکاروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور نعرے سب اچھا کے لگائے جا رہے ہیں۔