پل اور سڑکیں تعمیر کرکے گڈ گورنس کا نعرہ لگانے والوں کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے، انجینئر یاسر گیلانی

ہفتہ 10 ستمبر 2016 21:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ پل اور سڑکیں تعمیر کرکے گڈ گورنس کا نعرہ لگانے والوں کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے ،مسلم لیگ ن میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کے منصوبوں کو اپنی کارکردگی قرار دے رہی ہے جبکہ بھاری سبسڈی دے کر میٹرو بس چلائی گئی ہے، عوام کو اس منصوبے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا ،یہ منصوبہ سرکاری خزانہ پر بوجھ ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں اْن کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عوام کے لئے مشکلات ہی مشکلات کھڑی کر دی ہیں پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے کے برعکس مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ اپنے لوگوں کو نوازا ہے۔

(جاری ہے)

اقربہ پروری اور کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والی مسلم لیگ ن تیزی سے ختم ہورہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے جو معاہدے کئے ہیں ان کے بارے بھی حقائق سامنے آنے چاہیں ،عوام کو علم ہونا چاہیے کہ ان سے ووٹ لینے والوں نے ملک سے کیا سلوک کیا ہے اور کس طرح ان کا پیسہ لوٹا ہے ،عوام کو دونو ں ہاتھوں سے لوٹنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔