پیپلز پارٹی اب زرداری پارٹی بن چکی ہے‘ ان کو پی پی پی کانام استعمال نہیں کرنا چاہیے،عید کے بعد مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کریں گے

پا کستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہیدخان کا ملتان میں تقریبات سے خطاب

ہفتہ 10 ستمبر 2016 20:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10ستمبر ۔2016ء) پا کستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہیدخان نے کہا ہے کہ عید کے بعد مہنگائی ، بے روزگاری اور پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی اور لاڑکانہ سمیت مختلف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ کسان بدحالی کا شکار ہیں۔

پیپلز پارٹی اب زرداری پارٹی بن چکی ہے۔ انہیں پی پی پی کانام استعمال نہیں کرنا چاہیے کیو نکہ ہم نے اس نام کو عدالت عالیہ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ وہ ہفتہ کو دورہ ملتان کے دوران تاجر رہنما ناصر قریشی کی رہائش گاہ پر عشائیہ اور دیگر تقریبات سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سرپرست اعلی ناہید خان ،کنور زاہد ، قدیرالحسن ، شمیم قریشی،ہاشم بابر، ملک سجاد حسین ودیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صفدر عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ور کرز عوامی مسائل کے حل کا مشن لیکر نکلی ہے اب تک چاربڑے شہروں پنڈی ، لاہور ، شیخوپورہ اور ملتان میں مظاہرے کئے گئے ہیں اور اب عید کے بعد سندھ میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا کیونکہ اس وقت ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری ، بد امنی ،لوڈشیڈنگ ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہے ۔سیاسی جماعتوں پر خاندانی وراثت مسلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان اس وقت بد حالی کا شکار ہے زرعی اجناس کی صیح قیمتیں نہ ملنے کی وجہ سے زراعت تباہ ہو رہی ہے جو ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلی کا کسان پیکج صرف ڈھونگ ثابت ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ کسان سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہے ۔صفدر عباسی نے کہا کہ ناہید خان نے پی پی پی کے نام کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اس دوران پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے نام سے رجسٹریشن کرائی گئی ہے اور ہمارا انتخابی نشان وکٹری ہے ۔

اسی لئے ہماری پارٹی کے جھنڈے پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی وکٹری کی تصویر لگائی گئی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ ناہید خان کے کیس کے فیصلے کی ہدایت جاری کریں ۔صفدر عباسی نے کہا کہ ضلع بدین سندھ میں ذوالفقار مرزا نے ہماری پارٹی کے پلیٹ فارم سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا جہاں 73کونسلرز کا میاب ہوئے ۔اسی طرح لاڑکانہ میں بھی ہمیں نمایاں کامیابی ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک حید ر آباد ، سکھر ، فیصل آباد ، لاڑکانہ ، سرگودھا اور کراچی سمیت 6شہروں میں پارٹی کنونشن ہو چکے ہیں۔ لاہور میں بے نظیر میلہ منعقد کیا گیا اور عید کے بعد سندھ اور خیبر پختونخواہ میں ڈویژنل کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے ملتان کی تنظیم کے عہدیداروں کو کامیاب ریلی پر مبار کباد دی اور کنور زاہد کو ہدایت کی کہ وہ جنوبی پنجاب کی تنظیم سازی کے سلسلے میں مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور تنظیمی کام کو جلد ازجلد مکمل کیا جا ئے ۔