یکم اکتوبر کو مینار پاکستان ہونے والی لبیک یا رسول اﷲﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں ’’توسیع دعوت ‘‘کے مشن پر روانہ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 20:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء ) تحریک لبیک یا رسول اﷲ ﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی مولانا ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے تحریک صراط مستقیم کے سینکڑوں مبلغین کو یکم اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہونے والی لبیک یا رسول اﷲﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں ’’توسیع دعوت ‘‘کے مشن پر روانہ کر دیا، یہ مبلغین آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام صوبوں میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اجلاس منعقد کریں گے اور کانفرنس کے اشتہارات تقسیم کریں گے ۔

مبلغین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ جسطرح قیام پاکستان میں علماء و مشائخِ اہل سنت نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اسی طرح آج تحفظ پاکستان کے لیے بھی علماء و مشائخ اہل سنت کو میدان میں نکلنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

اس وقت پاکستان سازشوں میں گھرچکا ہے یکم اکتوبر کو مینار پاکستان پر لاکھوں اہل سنت کا ٹھاٹھیں مارتا ہواسمندر تمام پاکستان دشمن قوتوں اور ان کی سازشوں کو بہا کر لے جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اہل سنت اس وقت پر عزم اور پرجوش ہیں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ پاکستان کے لیے من دھن وارنے کے لیے تیار ہو چکے ہیں اس موقع پر مفتی محمد عبد الکریم جلالی ،مولانا محمد رضاء المصطفے رازی ،مولانا محمد فیاض قادری ارو دیگر علماء موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :