فیصل چوک اور لبرٹی میں شعور بیداری کیمپ لگائے گئے ،سی ٹی او نے آگاہی پمفلٹ تقسیم کےئے لیکچر بھی دیا

ہفتہ 10 ستمبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء )چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور شہریوں میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹلس ہنڈا کی معاونت سے شہر بھر میں غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں ،ون ویلنگ کی حوصلہ شکنی اور لوگوں میں ٹریفک شعور بیدار کرنے کیلئے شعور بیداری مہم کا آغاز کردیا گیاہے جو 30ستمبر تک جاری رہے گی۔

فیصل چوک مال روڈ پرلگائے گئے کیمپ میں نیشنل سیفٹی مینجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع ،پولیس افسران صحافیوں اورشہریوں کی کثیر تعدادموجود تھی ۔ کیمپ میں چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں میں آگاہی پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے مہم کا آغاز کیااور شہریوں کو ٹریفک آگاہی لیکچر بھی دیا، انہوں نے کہا کہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی،اس کیلئے عوام کا تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ دوران سفرنمونہ اور قانون کے مطابق نمبر پلیٹ کے استعمال سے نہ صرف شہریوں کے مالی نقصان کا اندیشہ ختم ہوجاتا ہے بلکہ حادثات اور جرائم کی شرح میں بھی واضح کمی آجاتی ہے ،ہمیں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کی حفاظت کیلئے ون ویلنگ کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی ۔سی ٹی او کی ہدایت پر لبرٹی چوک میں بھی غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کا شعور بیدار کرنے کیمپ قائم کیا گیاجبکہ سرکل افسران کی نگرانی میں میکلوڈ روڈ،گڑھی شاہو،ماڈل ٹاؤن اور گلبرگ کے علاقوں میں ون ویلنگ کے خلاف آگاہی واک کی گئیں۔

سی ٹی او نے کہا ایجوکیشن یونٹ بھی مرحلہ وار کیمپ کا وزٹ کرتے ہوئے لوگوں کو ایجوکیٹ کریں جبکہ پوائنٹس ڈیوٹی پر مامور وارڈنز بھی ٹریفک کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ایجوکیٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔