حکمرانوں کی ڈنگ ٹپاؤپالیسیوں اور عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملک وقوم کونقصان پہنچایا ‘میاں مقصود احمد

ہفتہ 10 ستمبر 2016 20:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران چار مرتبہ اضافہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ایل پی جی کی قیمت2016کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔گھریلوسلنڈر50اورکمرشل سلنڈرآٹھ دنوں میں200روپے تک مہنگاہوگیا ہے۔گھروں میں استعمال ہونے والے سلنڈرکی قیمت250اور کمرشل کی قیمت1000روپے ہوچکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ایل پی جی کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشرباء اضافے کو فی الفور واپس لے۔پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے مگر حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں اورڈنگ ٹپاؤپالیسیوں نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غریب عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔

عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی گرانفروشی بھی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف میسر آسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے خودنمائی کے لیے ساڑھے تین برسوں میں10ارب 5کروڑ روپے کے اشتہارات دیناقابل مذمت ہے۔ایک طرف عوام کو دووقت کی روٹی میسر نہیں جبکہ دوسری جانب حکمرانوں کی شاہ خرچیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔

میاں مقصود احمدنے مزیدکہاکہ اربوں کھربوں روپوں کی جائیدادیں رکھنے والے پارلیمنٹیرینزکی جانب سے دیا جانے والاٹیکس آٹے میں نمک کے برابر ہے جبکہ27ارکان پارلیمنٹ نے کوئی ٹیکس اداہی نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ دور حکومت میں ملکی قرضوں میں5700ارب روپے کا اضافہ ہواہے جوکہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کامظہرہے۔کشکول توڑنے کے دعویدار عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔عوام زبوں حالی شکار ہیں ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔

متعلقہ عنوان :