سی پیک منصوبہ اسلام دشمن قوتوں کو بری طرح سے کھٹک رہا ہے ،بھارت اور امریکہ کی پوری کوشش اور خواہش ہے کہ یہ منصوبہ مکمل نہ ہو ،افواج پاکستان اور سیاسی قیادت ایک صفحے پر اوراس عظیم منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں ،سی پیک منصوبہ پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم کی حضرت شاہ مراد صوفی کانفرنس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 ستمبر 2016 18:55

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10ستمبر ۔2016ء) چیئرمین سینٹ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر) سینیٹرعبدالقیوم نے کہاہے کہ سی پیک منصوبہ اس وقت اسلام دشمن قوتوں کو بری طرح سے کھٹک رہا ہے اور بھارت اور امریکہ کی پوری کوشش اور خواہش ہے کہ یہ منصوبہ مکمل نہ ہو مگر الحمد اﷲ افواج پاکستان اور سیاسی قیادت ایک صفحے پر ہیں اور اس عظیم منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں اور سی پیک منصوبہ پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا۔

وہ ہفتہ کو اردو اور پنجابی غزل کے بانی شاعر حضرت شاہ مراد صوفی کانفرنس میں شرکت سے قبل چکوال پریس کلب میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ان حالات میں قومی یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے پاس 2018تک کا عوامی مینڈیٹ ہے لہٰذا عمران خان اور اپوزیشن جماعتوں کو محاذ آرائی کرنے کی بجائے 2018کے الیکشن کی تیاری کر کے عوام کی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تجربوں کے باوجود یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے اور عوام ہی سب سے بڑا احتسابی ادارہ ہیں۔ سردار غلام عباس کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج بارے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو تشویش ہے اور وہ ضلع چکوال کے بلدیاتی نتائج سے مطمئن نہیں لہٰذا وہ مسلم لیگ ن کو مضبوط کرنے کیلئے سردار غلام عباس کے آپشن پر بھی غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد سے ملاقات ہوئی ہے۔ ابھی سردار غلام عباس کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ البتہ ضلع چکوال کی تمام سیاسی قوتوں کو یکجا ہوکر ضلع کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔