سپریم کورٹ (ن) کے دور میں شروع ہونیوالے میگا پراجیکٹس ، سکیموں کا ریکارڈ تحویل میں لے ‘ جمشید اقبال چیمہ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 14:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماجمشید اقبال چیمہ نے سپریم کورٹ سے (ن) لیگ کے دور میں شروع ہونے والے تمام میگا پراجیکٹس اور سکیموں کا ریکارڈ تحویل میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی ” شفاف کرپشن “ کو چھپانے کیلئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دستاویزی ریکارڈ ضائع کرنا شروع کر دیا ہے ۔

شمالی لاہور سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتساب تحریک شروع ہونے کے بعد حکمران اپنے بچاؤ کے لئے جس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے ۔ قوم حیرت میں مبتلا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے جن منصوبوں میں کرپشن کی نشاندہی کی گئی ان کا دستاویزی ریکارڈ ضائع کردیاگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں اب وہ حکمرانوں کی کرپشن کو معاف نہیں کریں گے بلکہ لوٹی ہوئی پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی 24ستمبر کی کال پر حکمران او ران کے درباری جان بوجھ کر اشتعال کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے پر امن احتجاج ریکارڈ کرانا ہے لیکن اگر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کی ساری ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی ۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان ملک و قوم کے مستقبل کیلئے کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور پوری قوم عمران خان کے شانہ بشانہ ہے اور فتح حق او رسچ کی ہی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :