حکومت اپنا جوازکھو چکی،اپوزیشن فائنل راؤنڈ کیلئے متحد ہو۔چودھری شجاعت حسین

قومی سلامتی،کرپشن اورسانحہ ماڈل ٹاؤن پرحکمران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے،ملک دشمنی بیرونی قوتوں سے رابطوں کے بارے میں وزیراعظم کی خاموشی معنی خیز ہے۔سربراہ مسلم لیگ(ق) کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 ستمبر 2016 15:32

حکومت اپنا جوازکھو چکی،اپوزیشن فائنل راؤنڈ کیلئے متحد ہو۔چودھری شجاعت ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 ستمبر2016ء) : مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قومی سلامتی، کرپشن اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اپنے فرائض میں ناکامی کے باعث حکومت اپنا جواز کھو چکی ہے، اپوزیشن کیلئے یہ فائنل راؤنڈ ہے جس کیلئے اسے متحد اور یکجا ہونا چاہئے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہو جائیں تو اِن ہاؤس تبدیلی ممکن ہے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کرپشن کے اتنے واضح الزامات کے باوجود احتساب کا راستہ روکنے کیلئے حکومت جو تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے اور جس طرح وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں اور زخمیوں کے خون ناحق کے ذمہ داروں اور قاتلوں کو بچا رہی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے اپنی ریاستی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے ان سے واضح انحراف کیا ہے اور اسے اب عوام پر حکومت کرنے کا کوئی اختیار نہیں جن کے جان و مال کی وہ محافظ ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قومی سلامتی کے حوالے سے وزیراعظم پر جو سوال اٹھ رہے ہیں انہیں کسی طور نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کے خلاف بیرونی دشمنوں کی کھلم کھلا کارروائیوں، اقدامات اور بیانات کے علاوہ ان قوتوں سے وزیراعظم کے رابطوں کے بارے میں ان کی خاموشی نہ صرف معنی خیز ہے بلکہ اس بات کو تقویت دیتی ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے اگر اپوزیشن نے ان حالات میں بھی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا نہ کیا اور مشترکہ جدوجہد نہ کی تو یہ نہ صرف ہمارے قومی و ملکی مفادات کے منافی ہو گا بلکہ اس سے ان لوگوں کے اقتدار کو طول ملے گا جن کے کردار پر مسلسل انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔