کراچی میں نامعلوم افراد پھر سرگرم، 24 گھنٹوں میں 6 گاڑیاں نذر آتش

آئی جی سندھ پولیس گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی خبروں کا نوٹس لے لیا، عوام سے شرپسند عناصر کی نشاندہی کی معلومات دینے کے لیے اپیل

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:59

کراچی میں نامعلوم افراد پھر سرگرم، 24 گھنٹوں میں 6 گاڑیاں نذر آتش

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) کراچی کے علاقے لانڈھی منزل پمپ پر مسلح افراد نے مسافروں کو کوسٹر سے نکال کر گاڑی پھونک دی جبکہ لانڈھی نمبر 6 میں ایک کار کو نذر آتش کردیا گیا۔گزشتہ رات تین بسوں اور ایک ٹرک جلانے کا مقدمہ ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج سمیت 3 کارکنوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے شہر میں نامعلوم افراد کی جانب سے گزشتہ روز سے گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے شرپسند عناصر کی نشاندہی کی معلومات دینے کے لیے اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے 6 گاڑیاں نذر آتش کردی ہیں۔ گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز ایک دم شروع ہوا اور مختلف علاقوں لی مارکیٹ، بفرزون، لیبر اسکوائر اور ایف بی ایریا میں گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا تاہم کچھ دیر قبل منزل پمپ اور لانڈھی کے علاقوں میں بھی 2 گاڑیاں نذر آتش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے شہر میں گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ شرپسند عناصر کی اطلاع دینے والوں کو پولیس کی جانب سے 1 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا اور ان کا نام صیغہ راز میں بھی رکھا جائے گا۔بعد ازاں آج لانڈھی 6 نمبر پر کار میں آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم ایس پی لانڈھی نے اس حادثے کو شارٹ سرکٹ کی وجہ قرار دیا جبکہ نیشنل ہائی وے کے قریب منزل پمپ پر نامعلوم افراد کی جانب سے کوسٹر (بس)کو آگ لگا دی گئی ہے۔

گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد کے علاقے بفرزون کے سیکٹر 15 اے 4 میں واقع مسافر بس کے آخری اسٹاپ پر کھڑی بس کو آگ لگا دی گئی تھی جبکہ لی مارکیٹ میں بھی مسافر بس نذر آتش کرنے اور لیبر اسکوائر میں بھی مسافر بس کو نذر آتش کرنے کے واقعات پیش آئے تھے علاوہ ازیں فیڈرل بی ایریا یو بی ایل کمپلیکس کے قریب ترقیاتی کام کرنے والے ٹرک میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

یاد رہے کراچی میں گزشتہ تین روز سے نامعلوم افراد کافی سرگرم ہیں جن کی جانب سے پہلے سندھ ہائی کورٹ کے باہر دھمکی آمیز بینرز آویزاں کیے گئے تھے بعد ازاں اہلیانِ کراچی کے نام سے جوابی بینرز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں آویزاں کیے گئے تاہم شہر کی اہم ترین شاہراہ پر بھی حکومت گمشدگی کے بینرز آویزاں کیے گئے تھے جن پر رہنما تحریک انصاف فیصل واڈا کی تصاویر اور نام تحریر تھا۔