مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط پر آذربائیجان پاکستان کا پرزور حامی ، آذربائیجان کے علاقے پر آرمینیا کی جارحیت کا پاکستان مخالف ہے ،میرے لئے بڑا اعزاز ہے کہ آج انجمن فیض الاسلام میں موجود ہوں جہاں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح خود تشریف لائے تھے ، وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن کاانجمن فیض الاسلام میں بچوں کو تحائف تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے خطاب

آذر بائیجان پاکستان کو مضبوط و توانا دیکھنا چاہتا ہے ․ دونوں ملکوں کے عوام گہرے دوستانہ اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،سفیر آذر بائیجان

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:55

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء ) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں پاکستان ،آذربائیجان یوتھ فورم اور سفارت خانہ آذر بائیجان کے تعاون سے انجمن کے ’’ اپنا گھر ‘‘ کے بچوں میں عید قربان کے تحائف تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور آذر بائیجان اسلامی اخوت و بھائی چارے کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی دوستی پر فخر کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط پر آذر بائیجان پاکستان کا پرزور حامی جبکہ آرمینیا کی جانب سے آذری علاقے پر قبضے کے خلاف پاکستان آذر بائیجان کے موقف کی ہر سطح پر تائید و حمایت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

تحائف تقسیم کرنے کی تقریب میں سفارت خانہ آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ ،پاکستان آذربائیجان یوتھ فورم کے سربراہ محمد آصف نور، انجمن فیض الاسلام کے صدر محمد صدیق اکبر میاں ، فنانس سیکریٹری راجا صابر حسین ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، سفارت خانہ آذربائیجان کے سفارتی عملے کے ارکان اورانجمن فیض الاسلام کی مجلس منتظمہ کے عہدیداران موجود تھے ․ وزیر مملکت برائے تعلیم انجنئیر بلیغ الرحمن نے کہا کہ طلبہ کی کسی بھی تقریب میں جانا میرے لئے ہمیشہ خوشی و انبساط کا باعث ہوتا ہے مگر آج مجھے فخر اور اعزاز ملا ہے کہ میں اس ادارے کے بچوں کے ساتھ ہوں جہاں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح خود تشریف لائے اور یہ ادارہ ان ہی کی خواہش پر قائم ہوا تھا ․ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ اپنے اندر وہ اوصاف حمیدہ پیدا کریں جو ایک لیڈر کا خاصہ ہوتے ہیں ․ لیڈر صرف سیاسی نہیں ہوتا بلکہ ایک گھر ، ادارے یا کسی بھی تنظیم کو منظم و فعال طریقے سے چلانا اچھی لیڈر شپ ہوتی ہے ․انہوں نے کہا کہ کل تک دنیا میں پاکستان کو سب خطرناک ملک گردانا جاتا تھا مگر آج الحمداﷲ ہمارا ملک ترقی کی جانب گامزن ہے اور عالمی ادارے سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک مانتے ہیں ․ سفارت خانہ آذر بائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ آذربائیجان کے عوام اور بالخصوص فرسٹ لیڈی مسز مہربان علی عوو کی جانب سے پاکستانی عوام کو عید قربان کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انجمن فیض الاسلام کے بچوں کی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے آئے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان کی لیڈر شپ اور عوام پاکستان کو مضبوط وتوانا دیکھنا چاہتے ہیں جو باہمی طور پر ہمہ جہت جذبات رکھتے اور ایک دوسرے کی دوستی پر فخر کرتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کے بعد دوسرا ملک ہے جس نے آذربائیجان کو تسلیم کیا ․ علی علیزادہ نے انجمن فیض الاسلام کے مجلس منتظمہ کے اراکین کو خراج تحسین پیش کیا جو یتیم بچوں کو نہ صرف رہائش کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کی معیاری تعلیم و تربیت بھی کرتے ہیں ․ اس موقع پر صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں انجمن کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجمن کے ساتھ وابستگی رکھنے والے تمام افراد ذاتی نمود و نمائش ، ذاتی انا اور مفاد سے بالاتر ہو کر کام کر رہے ہیں اور اپنی خدمات کا کوئی معاوضہ بھی نہیں لیتے ․ یہی وجہ ہے کہ ہمارے پیش رو حضرات کی بے لوث خدمات کے نتیجے میں انجمن فیض الاسلام آج ملک کا ایک ایسا ادارہ بن چکا ہے جس پر عوام اندھا اعتماد کرتے ہیں ․ یہ ادارہ 1943 ء میں قائد اعظم محمد علی جناح کی ہدایت پر 7 روپے ماہوار کرائے کے ایک مکان سے شروع ہوا اور اس کے محسنین کی بے لوث کوششوں کی وجہ سے آج راولپنڈی شہر اور مضافات میں اس کے چھ کیمپس کام کر رہے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ انجمن فیض الاسلام کو کسی حکومتی ، سماجی بہبود کے ادارے یا بیرون ملک سے کوئی امداد نہیں ملتی اور اس کے تمام اخراجات مخیر لوگوں کے عطیات سے پورے کئے جاتے ہیں ․ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ عطیات کی صورت میں جمع ہونے والے تمام وسائل کو بھر پور اور بہترین طریقے سے استعمال کرکے یتامی کی پرورش ، تعلیم و تربیت اور دیگر فلاحی کام پورے کئے جائیں ․علی علیزادہ نے بعد ازاں محمد صدیق اکبر میاں اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ بچوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے ۔