اے این ایف نے 1 ارب 80 کروڑ روپے عالمی مالیت کی1.28 ٹن مار فین قبضے میں لے لی

دیگر 2 کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2ملزمان گرفتار

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:55

پشاور / حیدرآباد/چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) اے این ایف نے پشاور، حیدر آباد اور چاغی کے علاقوں میں عمل میں لائی گئی 3کاروائیوں کے دوران 1 ارب 80 کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی 1.28 ٹن منشیات برآمد کر لی۔ برآمد شدہ منشیات میں 1.28 ٹن مارفین، 1.13 کلوگرام چرس اور850 گرام ہیروئن شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران 2ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا۔

برآمد شدہ منشیات کی زیادہ تر مقدار بیرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی۔ اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب کاروائی کے دوران ضلع چاغی سے 1.28 ٹن مارفین قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق،اے این ایف نے تحصیل و ضلع چاغی کے علاقے کلی پوستئی میں واقع ایک غیر آباد مقام پر چھاپہ مار کر وہاں موجود ایک برساتی نالے کی اطراف میں چھپائی گئی 1.28 ٹن مارفین برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق،منشیات کی یہ کھیپ کسی دیگر گروہ کے حوالے کئے جانے کی غرض سے چھپائی گئی تھی اور محفوظ اشارہ ملنے پرکسی نامعلوم منزل پر منتقل کی جانی تھی ۔ اے این ایف کراچی نے ٹوٹل پٹرول پمپ فتح چوک حیدرآباد شہر سے میر پور خاص کے رہائشی اچار نامی ایک مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے 1.13 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی ۔

اے این ایف پشاور نے ائیر عریبیہ کی فلائیٹ نمبر G9-557 سے شارجہ براستہ مسقط روانہ ہونے والے چارسدہ کے رہائشی واحدت نامی ایک مشکوک مسافرکو پشاورائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اسکے جوتوں میں چھپائی گئی 850گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجود گی کا بھی اعتراف کیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :