وزیراعلیٰ کی اچانک ٹی ایچ کیو ہسپتال آمد ،ڈاکٹرز اور عملہ حیران ،ڈاکٹروں کی تعیناتی کے حوالے سے لاعلمی پر ایم ایس کی سرزنش

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:47

لاہور۔8 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 ستمبر ۔2016ء )وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے جمعرات کو بغیر کسی پیشگی اطلاع اور پروٹوکول کے رائیونڈ میں تعمیر ہونے والے نئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ کے دورے سے انتظامیہ اورمیڈیا مکمل طورپر لاعلم رہے۔ وزیراعلیٰ کے ماڈل ٹاوٴن سے رائیونڈ تک سفر کے دوران ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی اورکسی موقع پر بھی ٹریفک کو نہیں روکا گیا بلکہ وزیراعلیٰ کی گاڑی ٹریفک اشاروں پر بھی رکتی رہی۔

ہسپتال کے دورہ کے موقع پروزیراعلیٰ نے استقبالیہ پر عملے کی غیر موجودگی پر وہاں موجود انتظامیہ سے پوچھا تووہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔وزیراعلیٰ کی اچانک آمد پر ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور انتظامی افسران سمیت عملہ حیران رہ گیا۔

(جاری ہے)

ایک لیڈی ڈاکٹر نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچانک ہسپتال آئے ہیں ہمیں اس کی بالکل توقع نہیں تھی اور ہمیں آپ کی آمد پر خوشگوار حیرت ہورہی ہے،اگرچہ دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں لیکن اس کے باوجود آپ بغیر سکیورٹی اوربغیرپروٹوکول کے یہاں آئے ہیں جو آپ کے اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آپ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کس قدر تڑپ رکھتے ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں یہاں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آیا ہوں اورآئندہ بھی ہسپتالوں میں آتا جاتا رہوں گا۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے امور اور ڈاکٹروں کی تعیناتی کے حوالے سے لاعلمی پر ایم ایس کی سرزنش کی اور کہا کہ اگر آپ اپنے فرائض بطریق احسن سرانجام نہیں دے سکتے تو اپنے لئے کوئی اور کام ڈھونڈ لیں۔ وزیراعلیٰ کی روانگی پر ہسپتال کے باہر رائیونڈ کے رہائشی لوگ جمع ہوگئے جس پر وزیراعلیٰ اپنی گاڑی سے اتر کر ان کے پاس گئے اوران کے مسائل سنے۔وزیراعلیٰ نے رہائشیوں کو مسائل کی جلدحل کی یقین دہانی کرائی جس پر انہوں نے” شہبازشریف زندہ باد “اور” دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا“ کے نعرے لگائے۔