مردان کچہری پرحملہ،وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا جزوی بائیکاٹ جاری

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:47

لاہور۔8 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 ستمبر ۔2016ء )مردان کچہری میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا جزوی بائیکاٹ جاری جبکہ سپریم کورٹ بار کے وکلاء نے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔لاہور ہائیکورٹ ،سیشن ،سول اور خصوصی عدالتوں میں وکلاء اہم نوعیت کے مقدمات میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہو ئے۔

دہشت گردی واقعہ کے خلاف وکلاء مسلسل سوگ کی کیفیت میں ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار کے صدر علی ظفر نے کہا کہ نہتے وکلاء پر دہشت گردی کے حملے دشمنوں کی بزدلانہ کاروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کرے۔دوسری جانب وکلاء کی جانب سے بار رومز کی چھتوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائے گئے۔عمومی نوعیت کے مقدمات میں وکلاء کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہورہی ہے جس کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔