ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز، حتمی اسکوڈ کیلئے سلیکشن کمیٹی کی مشاورت

ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہ کئے جانے کا امکان ، ون ڈے میں چند تبدیلیاں متوقع کامران اکمل اور خالد لطیف کو ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کئے جانے کا امکان، حفیظ کانام زیر غور نہیں ، انگلینڈ سے واپسی پر اظہر علی رپورٹ شہریار خان کو پیش کرینگے

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:45

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز، حتمی اسکوڈ کیلئے سلیکشن کمیٹی کی مشاورت

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 ستمبر ۔2016ء) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں ہونے والی سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے سرجوڑ لئے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہ کئے جانے کا امکان ہے، جبکہ ون ڈے ٹیم میں چند تبدیلیاں متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی تشکیل کے لئے سلیکشن کمیٹی نے مشاورت شروع کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کوئی بڑی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں اچھا پرفارم کرنے والے خالد لطیف کو ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ادھر فٹنس مسائل کے باعث اوپنر محمد حفیظ کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے لئے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک بورڈ حکام نے ون ڈے ٹیم کی کپتانی میں تبدیلی کے بارے میں سلیکشن کمیٹی کو آگاہ نہیں کیا ہے۔ انگلینڈ سے وطن واپسی پر کپتان اظہر علی ون ڈے سیریز کے حوالے سے اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو پیش کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز تئیس ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔ سیریز میں تین ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے

متعلقہ عنوان :