خطے میں دہشتگردی کا ذمہ دار انڈیا ہے ، نفیس زکریا

کلبھوشن یادو کے اقبالی بیان سے واضح ہے کون سا ملک دہشت گردی پھیلا رہا ہے، معاملہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں ضرور اٹھایا جائیگا پاکستان کے شمالی کوریا کے ساتھ جوہری تعلقات کے حوالے خبرو ں میں کوئی صداقت نہیں ، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 ستمبر ۔2016ء) پاکستانی دفترِ خارجہ کی ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ انڈیا ہی وہ ملک ہے جو خطے میں دہشت گردی کا ذمہ دار ہے، دہشت گردی میں انڈیا کے ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادو کے اقبالی بیان سے واضح ہوتا ہے کہ کون سا ملک دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وزیراعظم نواز شریف کلبھوشن یادو کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھائیں گے تو ان کا کہنا تھا کہ انڈین مداخلت کا معاملہ ضروری اٹھایا جائے گا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 62 دنوں سے مسلسل بھارتی فوجیوں کی جارحیت پاکستان کے لیے انتہائی تشویش کی بات ہے۔انھوں نے بتایا کہ چھرّوں والے کارتوسوں کے استعمال سے 90 بے گناہ افراد ہلاک اور 700 زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف نے 22 مندوبین کو بیرونِ ملک بھیجا ہے تاکہ انڈیا کی کشمیر میں جارحیت اور مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکے۔انڈیا کے زیرِ اثر ممالک کے بارے میں ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پارلیمان کے اراکین کی مدد سے پیغام پہنچانا انتہائی موثر ہوگا۔انھوں نے پاکستان کا روایتی موقف دہرایا کہ شملہ معاہدے کی وجہ سے اقوام متحدہ کی قراردادیں منسوخ نہیں ہو جاتیں۔

انھوں نے پاکستان کے شمالی کوریا کے ساتھ جوہری تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ایسی خبریں انڈیا سے شروع کی جاتی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔انھوں نے کہا کہ ایسی خبریں بالکل سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی جاتی ہیں۔امریکہ کی جانب سے ’ڈو مور‘ کے مطالبے کے بارے میں ان کا کہنا تھا ایسے مطالبات کے ساتھ ساتھ امریکہ نے کئی بار پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا بھی ہے۔

انھوں نے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور سینیٹر جان میک کین کے بیانات کا حوالہ دیا جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے کامیابی حاصل کی ہے۔یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ جنوبی ایشیا میں ایک ہی ملک ہے جو کہ خطے میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔جی - 20 فورم پر بات کرتے ہوئے پاکستان کی جانب واضح اشارہ کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا تھا کہ ایک ہی ملک ہے جو ہمارے خطے میں دہشت گردی کے عناصر پھیلا رہا ہے۔