سیکریٹری انفارمیشن پاک سرزمین پارٹی کا اقوام متحدہ کی تعلیمی رپورٹ پرتشویش کا اظہار

پاکستان میں تعلیم کے شعبے کا بجٹ انتہائی قلیل ہے اور ترقیاتی و غیرترقیاتی بجٹ کا حجم زیادہ ہے،سیکریٹری انفارمیشن

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) پاک سر زمین پارٹی کے سیکریٹری انفارمیشن نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں بچے بنیا دی تعلیم سے محروم ہیں اور لاتعداد بچے اور بچیاں پرائمری تک کی تعلیم حاصل نہیں کر پاتے ، پاکستان میں تعلیم کے شعبے کا بجٹ انتہائی قلیل ہے اور ترقیاتی بجٹ اور غیرترقیاتی بجٹ کا حجم زیادہ ہے ،سیکریٹری انفارمیشن نے اقوام متحدہ کی جانب سے حالیہ پیش کی جانے والی تعلیمی رپورٹ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک میں لائبیریا جیسے ملک سے بھی تعلیمی میدان میں بہت پیچھے ہے، لائبیریا میں خواندگی کی شرح 38 فیصداور پاکستان میں صرف 10 فیصد ہے ، حالیہ دور میں حکومت پاکستان تعلیمی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیوں کے اقدامات کر رہی ہے لیکن اس کے نتائج کم از کم 2030 ء میں منظر عام پر آنے شروع ہوں گے ، اس وقت ہمارے ملک میں کم و بیش 55 لاکھ کے قریب بچے ثانوی تعلیم سے بھی محروم ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں موجوددوہرے طبقاتی تعلیمی نظام کی وجہ سے امیر و غریب کا فرق مزید بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے ،لیکن ارباب اختیا ر اور متعلقہ ادارے اس سلسلے میں کوئی پیش رفت کرنے کے لئے تیار ہی نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ ہم اپنی بچیوں کو تعلیمی میدان میں پیچھے رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اس طرح کے واقعات دیہی علاقوں میں کثرت سے دیکھنے میں آتے ہیں جبکہ شہروں میں یہ تناسب قدرے بہتر ہے ۔ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہی مستقبل کی بہترین ماں ثابت ہو سکتی ہے اور تعلیم یافتہ معاشرہ تشکیل دینے میں اس کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی عدم توجہ اور نا عاقبت اندیشی کی وجہ سے بیشتر بچے اسکول جانے کے بجائے چائلڈ لیبر کا حصہ بن رہے ہیں، ہمارے یہاں چائلڈ لیبر کا قانون موجو دہے لیکن اس پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے یہ ہماری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے ، ہماری تعلیمی پالیسی بنانے والوں کو اس سلسلے میں عملی اقدامات کے ذریعے اس اہم مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔