بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نہ صرف روز مرہ کی زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح سے تباہ ہو رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں باالخصوص دیہی علاقوں میں بجلی کی لمبے دورانیے کی لوڈشیڈنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نہ صرف روز مرہ کی زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح سے تباہ ہو رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی زیر صدارت ایکسپورٹرز کے ساتھ منعقد کئے گئے اجلاس کے دوران کیا۔

چیئرمین بورڈ آف انویسٹمینٹ ڈاکٹر مفتا ح اسماعیل کے گھر پر منعقد کئے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ بہت ہی تکلیف دہ بات ہے کہ پورے صوبے میں باالخصوص سیسکو اور حیسکو کے زیر نگرانی علاقوں میں لمبے لمبے دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے عام لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کا جنوبی حصہ ہو یا شمالی حصہ لوگ ابھی تک گرمی میں تڑپ رہے ہیں اور سونے پے سہاگاکہ گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے،ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں اور متعلقہ اتھارٹیزٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے میں سستی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے سنجیدہ مسائل کا وزیراعظم پاکستان ضرور نوٹیس لیں اور متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کیلئے ہدایت کریں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دیہی علاقوں میں غریب عوام کا بجلی کے بھاری بلوں کا مسئلہ بھی وزیراعظم کے سامنے اٹھایا اور کہا کہ دو کمروں کے گھر میں رہنے والے لوگوں کو بھی بجلی کے بڑے بھاری بل بھرنے پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ بجلی کے ریٹس کافی زیادہ ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ غریبوں کی کھال ادھیڑی جائے۔انہوں نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو جان بوجھ کر کچی بستیوں میں بجلی کے میٹرنہیں لگاتے اور خود ہی کنڈے کے کنیکشن لگاکر اس پورے نظام کو کرپشن کی نظر کر دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ملک میں جاری بجلی کے شدیدبحران کا حل کے حوالے سے صوبے سندھ میں ہونے والے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس کوئلے کے وسیع ذخائر ہیں جن سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے اور سندھ میں ونڈ اور سولر انرجی کے بھی بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان بجلی پیدا کرنے کیلئے سندھ صوبے کے ساتھ مکمل تعاون اور سپورٹ کریں ۔وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تھرکول اور متبادل انرجی کے منصوبوں کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بتایا کہ انہوں نے وفاقی وزارت پانی و بجلی کو بجلی کی قیمتوں اور دیگر معاملات کو حل کرنے کیلئے پہلے ہی ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے سندھ حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ حکام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی لانے کی ہدایت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :