کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ امن کے حصول میں بڑی رکاوٹ اور معاشرے میں عدم اطمینان کا سبب ہے،کرپشن کو ختم کرنے کیلئے نظام میں موثر اصلاحات کی ضرورت ہے ،حکمران کرپشن کے ناسور کے خاتمے کی بجائے ایسے نمائشی اقدامات پر اکتفا کررہے ہیں جس سے کرپشن کے دروازے کومکمل بند نہیں کیا جاسکتا

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ امن کے حصول میں بڑی رکاوٹ اور معاشرے میں عدم اطمینان کا سبب ہے،کرپشن کو ختم کرنے کیلئے نظام میں موثر اصلاحات کی ضرورت ہے ،حکمران کرپشن کے ناسور کے خاتمے کی بجائے ایسے نمائشی اقدامات پر اکتفا کررہے ہیں جس سے کرپشن کے دروازے کومکمل بند نہیں کیا جاسکتا،حکومت کی طرف سے مہنگائی دور کرنے کے دعوؤں کے باوجود عام آدمی کو دووقت کی روٹی میسر نہیں ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پرمرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک کی عوام دنیا بھر میں رائج پیمانوں کے مطابق ایسا جمہوری نظام چاہتی ہے جس میں عوام کی حالت میں بہتری اور دولت کے بہاؤ کا رخ امیروں سے غریبوں کی طرف منتقل ہو ،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ،مگر قرآن وسنت کے نظام کو آج تک نافذ نہیں کیا گیا ،سیکولر ازم ،لبرل ازم ،سوشلزم یہود ونصاری کے تمام نظام رائج کرنے کی کوشش کی گئی مگر عوام کو ان نظاموں سے کوئی ریلیف نہیں ملا،جمہوریت عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرتی ہے مگر ایسا دیکھنے میں نہیں آرہا آج بھی 8کروڑ سے زائد غریب عوام غربت کی سطح سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ،ملک کو ترقی کی طرف لیجانا اور ماڈل بنانا ہے تو کرپشن کو ہر حال میں جڑ سے ختم کرنا ہوگا ،کرپشن نے انصاف کا گلادبایا ہوا ہے غریب کو بنیادی حقوق میسر نہیں ،دہشتگردی کو فروغ بھی کرپشن سے ہی مل رہا ہے ،کرپشن ایسی لعنت ہے جس سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہورہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹنے والے بیروم ممالک میں عیش وعشرت کی زندگی گذار رہے ہیں ،کرپشن کی روک تھام کے لئے مثبت خاطر خواہ اقدامات کا نہ ہونا ہی عوام میں تشویش اور مایوسی کو جنم دے رہا ہے امیر امیر تر اور غریب غربت کی لکیر سے نیچے جارہاہے ،پانامہ لیکس میں ملوث افراد چاہے وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں موثر اور فوری کاروائی ہونی چاہیے ،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پانامہ لیکس میں حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے مہرے بچانے میں مصروف ہیں ،عوام کو زیادہ دیر گمراہ نہیں کیا جاسکتا ،کرپشن میں ملوث جتنے لوگ ہیں ان سے قومی دولت وصول کی جائے اور ملک کے آئین وقانون کے تحت ان کی سزا کا فیصلہ کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے بعد کرپشن کے خاتمے ،اور پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے والوں پر حکومتی عدم کاروائی کے خلاف تحریک چلائیں گے ،پاکستان سنی تحریک مظلوموں کا ان کا حق دلانا چاہتی ہے اور حکمران صرف زبانی دعوؤں سے کام چلارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :