سی ڈی اے نے عید الضحٰی کے موقع پر جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور صفائی کے آپریشن کو حتمی شکل دیدی

شہر کو چھ زون میں تقسیم کر دیا گیا، عملہ صفائی کی چھٹیاں منسوخ،100 سے زائدگاڑیاں اور 2000 سے زائد عملہ خصوصی صفائی آپریشن کیلئے فرائض انجام دے گا

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) اسلام آباد کے شہریوں کو عید الضحٰی کے موقع پر صفائی کی بہترین خدمات دی جائیں۔ یہ ہدایات اسلام آباد کے میئر اورچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزنے عید الضحٰی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران دیں۔ انہوں نے دیگر شعبوں کو ہدایت کی اس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام شعبے مل کر کام کریں اور سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کو اضا فی افرادی قوت اور مشینری مہیا کی جائے۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ ثناء اﷲ امان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اسلام آباد کے میئر اورچیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں اور دیگر آلائشیں اْٹھانے کے لئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ممبر اینوائرنمنٹ نے اجلاس کو انتظامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کوچھ (06) زون میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا، سیدپور اور بری امام۔ زون ٹو میں فیصل مسجد ، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اورجی ایٹ۔ زون تھری میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف وغیرہ، زون فور جی نائن، جی ٹین، جی الیون وغیرہ جبکہ زون پانچ میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین ، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون جبکہ زون چھ میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹاؤن، راول ٹاؤن، اور مارگلہ ٹاؤن کے علاقے شامل ہیں۔

ایکشن پلان کے مطابق سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عید کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اورتقریباً 2000 سے زائد عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف، ٹھیکیداروں کا اسٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کر کے شہر کو صاف رکھے کے فرائض سر انجام دے گا۔ جبکہ سو سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹراک، ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ اس مہم میں شامل ہوں گے۔

علاوہ ازیں قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے 16مختلف مقامات پر 35 سے زائدگڑھے کھودے گئے ہیں۔مزید براں دو ایمرجنسی سیل قائم کر دئے گئے ہیں، جو کہ سینی ٹیشن ڈئریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز،جی سیون فور میں دن رات کام کریں گے۔مزید براں ، اسلام آبادکے شہریوں سے اپیل کی گئے ہے کہ قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں، ان کی اْجڑیاں اور دیگر الائشیں وہیں رکھیں، تاکہ عملہ صفائی اْس کو فوری طور پر اْٹھا کر لے جائے۔

اوجڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں بھی نہ ڈالیں۔ کسی قسم کی شکایت کی صورت میں شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر1334 یا 9213908 ، ڈائریکٹر سینی ٹیشن ٹیلی فون نمبر 9211555 اور ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نمبر9206102 پر رابطہ میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مزید کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی ادارہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اور بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بچایاجا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :