سپریم کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کلرک کو واپس چوکیدار بنانے کے معاملے پر چیئرمین ایف بی آر کو آج وضاحت کیلئے طلب کر لیا

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) سپریم کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کلرک کو واپس چوکیدار بنانے کے معاملے پر چیئرمین ایف بی آر کو کل(جمعہ ) وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ رجسٹری میں جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ایف بی آر کی اپیل پر سماعت کی ، ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے دو ہزار تیرہ میں چوکیدار محمد فاروق کی تعلیم کی بنیاد پر کلرک کے عہدے پر تعینات کرنے کا حکم دیا تھا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے ، محمد فاروق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے محمد فاروق کو چوکیدار سے کلرک بنانے کا حکم ایف بی آر کے انسپکٹر سعید کے بیان کی روشنی میں دیا تھاجس پر انسپکٹر نے کہا تھا کہ اگر فاروق کو کلرک تعینات کر دیا جائے تو محکمے کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا جس کے بعد ایف بی آر نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیاسپریم کورٹ نے عارضی طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد روک دیا ، اس کے بعد ایف بی آر نے محمد فاروق کو دوبارہ کلرک سے چوکیدار بنا دیا ، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا چیئرمین ایف بی آر نے لاہور ہائیکورٹ میں بیان دینے والے انسپکٹر کیخلاف کوئی کارروائی کی ایف بی آر کے وکیل نے کہا کہ ان کے علم میں ایسا کوئی حکم نہیں ہے عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد چیئرمین ایف بی آر کو آج وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :