کانگووائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، چیف سیکرٹری کی ہدایت

ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ،مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات کا حکم

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء )چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) زاہد سعید نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کانگووائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے وہ آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کررہے تھے - اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ مویشی منڈیوں اور تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر جانوروں کیلئے سپرے کا انتظام کیا جائے اوراس سلسلے میں محکمہ لائیوسٹاک کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

-چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنر کو ہدایت کی کہ تمام مویشی منڈیوں کو ریگولیٹ کیا جائے اور وہاں پانی ، سایہ اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات میں شہریوں کا تعاون نہایت اہم ہے۔ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں گلیوں اور سڑکوں پر نہ پھینکیں بلکہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کے عملہ کے حوالے کریں یا مقرر کردہ جگہوں پر تلف کریں۔ انہوں نے حکم دیا کہ ٹی ایم ایز کا عملہ آلائشوں کو فوری طور پر اٹھانے اور مناسب انداز میں تلف کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔ اجلاس میں ایم این اے افضل کھوکھر، سیکرٹری بلدیات، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے مینیجنگ ڈائریکٹرز او رمتعلقہ حکام نے شرکت کی -