نندی پور پاور پلانٹ میں ہونے والی اربوں کی کرپشن کا ریکارڈ غائب ہونے کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے،جب اپوزیشن نے میٹرو بس میں ہونے والی کرپشن کا معاملہ اٹھایا تو اسی وقت اسکے ریکارڈ کو آگ لگا دی گئی تھی اور اب نندی پور پاور پلانٹ منصوبے کے ریکارڈ کو غائب کر دیا گیا

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ میں ہونے والی اربوں کی کرپشن کا ریکارڈ غائب ہونے کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔جمعرات کو پنجاب اسمبلی میں پی اے سی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جب اپوزیشن نے میٹرو بس میں ہونے والی کرپشن کا معاملہ اٹھایا تو اسی وقت اسکے ریکارڈ کو آگ لگا دی گئی تھی اور اب نندی پور پاور پلانٹ منصوبے کے ریکارڈ کو غائب کر دیا گیا، میاں محمود الر شید نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ صاحب آپ بتائیں اس کرپشن اور اسکا ریکارڈ غائب کرنے والے درباری کب پکڑے جائیں گے، انہوں نے وزیر اعلیٰ صاحب بتائیں کیا میگا پراجیکٹس میگا کمیشن اور میگا کرپشن کیلئے بنائے جاتے ہیں؟ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے سپریم کورٹ سے معاملے پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب جرائم، نو گو ایریا ز، بچوں اور خواتین کیخلاف جرائم میں سرفہرست ہے اور حکمران گڈ گور ننس کا راگ الا پتے نہیں تھکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آئندہ اجلاس میں آکر کرپشن اور اس کے ریکارڈ غائب ہونے کا جواب دیں بصورت دیگر ایوان میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔