ایک پڑوسی ملک دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے عالمی برادری اسکے خلاف کاروائی کرے ،نریندر مودی کی ہرزہ سرائی

وقت آگیا ہے کہ ہم دہشتگردی کے اس عالمی برآمدکندہ کو روکیں،ہمیں نہ صرف دہشتگردوں بلکہ انکے حماتیوں کوبھی نشانہ بنانے کی ضرورت ہے ،ایسے ریاستی عناصر جو دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیارکے طور پر استعمال کرتے ہیں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرنے کی ضرورت ہے ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ایسٹ ایشیا سمٹ سے خطاب نریندر مودی کی براک اوباما سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:33

ایک پڑوسی ملک دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے عالمی برادری اسکے خلاف کاروائی ..

لاؤس /نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پڑوسی ملک دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے عالمی برادری اسکے خلاف کاروائی کرے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق ایسٹ ایشیا سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوس میں ایک ملک دہشتگردی برآمد کررہا ہے اس سے خطے میں امن کی جگہ میں کمی اور تشددمیں اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

وقت آگیا ہے کہ ہم دہشتگردی کے اس عالمی برآمدکندہ کو روکیں۔ہمیں نہ صرف دہشتگردوں بلکہ انکے حماتیوں کوبھی نشانہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ایسے ریاستی عناصر جو دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیارکے طور پر استعمال کرتے ہیں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایسٹ ایشیا سمٹ کے موقع پر امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات بھی کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ نے اپنے ٹویٹ میں بتایاکہ ملاقات بہت ہی دوستانہ ماحول اور گرم جوشی کے ساتھ ہوئی ۔