پنجاب حکومت فروغِ تعلیم کیلئے ا نقلابی اقدامات کر رہی ہے، شرح خواند گی کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے ‘رانا مشہود احمد

تیز رفتار ترقی کے حصول کیلئے وطن عزیز کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا‘صوبائی وزیر تعلیم کا عالمی یو م خواندگی کے موقع پر پیغام

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے جہالت اور ناخواندگی ختم کرنے کے لئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے، آج کا دن شرح خواندگی میں اضافے کیلئے کوششیں تیز کرنے کا عہد کرنے کا دن ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وڑن کے مطابق 2018 تک صوبے کے ہر بچے و بچی کے سکول داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،عالمی یوم خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ روشن مستقبل کا خواب 100فیصد شرح خواندگی کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا، پنجاب حکومت فروغ ِ تعلیم کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب دانش سکولوں میں غریب اور نادار بچوں کو ایچی سن اور بیکن سکولوں کے معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپس ، سولر لیمپس، ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، ہونہار طلبا و طالبات کے غیر ملکی تعلیمی درسگاہوں کے مطالعاتی دورں کے ذریعے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے کوشا ں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سو فیصد شرح خواندگی کو یقینی بنانے کے جامع پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے اور شرح خواندگی بڑھانے کیلئے پرائمری انرولمنٹ ایمرجنسی مہم جاری ہے۔

نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملک کے مستقبل کو تابناک نہیں بنایا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ تیز رفتار ترقی کے لئے وطن عزیز کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا اور اس مقصد کے حصول کے لئے خواندگی کی شرح بڑھانے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے نونہال پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اسی لئے حکومت پنجاب قوم کے ان معماروں کی معیاری تعلیم کے لئے تمام تر وسائل بروئے کا رلارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی یوم خواندگی منانے کا مقصد لوگوں کو تعلیم کی اہمیت سے متعلق آگاہی دینا اور شرح خواندگی میں اضافہ کرنا ہے اس لئے شرح خواندگی میں اضافے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :