پی ٹی وی میں حالیہ تقرریوں میں بے قاعدگیوں اور کوٹے پر عمل نہ کرنے کی بات درست نہیں ٗپرویز رشید

جب مستقل ملازمین ہم بھرتی کریں گے تو صوبائی کوٹے کے مطابق بھرتی کیا جائے گا ٗ سینٹ میں اظہار خیال

جمعرات 8 ستمبر 2016 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی وی میں حالیہ تقرریوں میں بے قاعدگیوں اور کوٹے پر عمل نہ کرنے کی بات درست نہیں۔سینٹ اجلاس میں سینیٹر جہانزیب جمالدینی کے نکتہ اعتراض کے جواب میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پی ٹی وی میں حالیہ تقرریوں میں بے قاعدگیوں اور کوٹے پر عمل نہ کرنے کی بات درست نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں بھرتی کے لئے بلوچستان کا کوٹہ 5 فیصد ہے جبکہ 5.31 فیصد صوبائی کوٹے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب مستقل ملازمین ہم بھرتی کریں گے تو انہیں صوبائی کوٹے کے مطابق بھرتی کیا جائے گا۔ سینیٹر میر کبیر احمد شاہی کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ناجائز تجاویزات قائم کی تھیں انہیں ختم کیا گیا ہے۔ ان ناجائز تجاوزات کی وجہ سے ریلوے کالونی کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا اسی لئے انہیں ختم کیا گیا ہے تاہم کسی قانونی آبادی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔