مہنگے منصوبوں کا اہم ریکارڈ ضائع کیا جارہا ہے‘عوامی تحریک پنجاب

میٹرو بس لاہور کا ریکارڈ ضائع کرنے کیلئے ایل ڈی اے پلازہ کو آگ لگائی گئی‘بشارت جسپال

جمعرات 8 ستمبر 2016 19:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ ہے کہ حکومت کے چل چلاؤ کاوقت قریب آنے پر اہم منصوبوں کا ریکارڈ ضائع کر رہی ہے ،میٹرو بس لاہور کا ریکارڈ ضائع کرنے کیلئے ایل ڈی اے پلازہ کو آگ لگوائی گئی، نندی پور پاور پراجیکٹ میں فرنس آئل چوری کا سکینڈل بھی آگیا۔ تیل کی خریداری اور استعمال کا ریکارڈ چوری کیا جا چکا ہے، 30ارب روپے کے سستی روٹی سکینڈل کا 80فیصد ریکارڈ غائب کر دیا گیا۔

قرض خوروں اور ٹیکس چوروں کی فائلیں بھی غائب ہورہی ہیں۔ حکومتی ایوانوں میں زلزلہ ہے۔ اورنج ٹرین منصوبہ کا ریکارڈ بھی کسی سرکاری دفتر میں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو علم ہو چکا ہے کہ وہ جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے اہم منصوبوں کا ریکارڈضائع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران جو مرضی کر لیں ان کی کرپشن کے ثبوت سڑک سڑک پھیلے ہوئے ہیں۔

وقت آنے پر ان کے منصوبے ان کی کرپشن کی گواہیاں بن کر ان کے خلاف ثبوت بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کاسکینڈل بیرون ملک سے آیا ورنہ یہ اس کے ریکارڈ میں بھی ردوبدل کر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ایجنسیوں اور عدالتوں سے درخواست ہے کہ اس کا نوٹس لیں اور میگا منصوبے جو دراصل میگا کرپشن کے واقعات ہیں کے ریکارڈ کو چوری یاضائع ہونے سے بچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :