نرسنگ سیکٹر کی بہتری کے لئے نجی شعبہ کے اشتراک سے کام کرینگے ‘نجم احمد شاہ

نرسز کو اعلی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ اعلی تربیت اہم ہے ‘سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

جمعرات 8 ستمبر 2016 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء ) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ نرسنگ سیکٹر کی ترقی اور بہتری کے لئے محکمہ صحت پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے لئے تیار ہے،صوبے میں نرسز سکولوں کو کالج کا درجہ دینے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے اور ہر ضلع میں نرسنگ ڈگری کالج بنائے جائیں گے - انہوں نے یہ بات شالیمار پوسٹ گریجوایٹ نرسنگ کالج کی سالانہ تقریب کیپنگ ، پننگ اینڈ کینڈل لائٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی - شالیمار ٹرسٹ ہسپتال کے چیئر مین چوہدری احمد سعید برگیڈیئر انیس احمد،،ڈین شالیمار نرسنگ کالج ڈاکٹر حاجہ ، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب ، کنٹرولر نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ پنجاب ، فیکلٹی ممبران ، نرسنگ طالبات اور ان کے والدین نے تقریب میں شرکت کی - نجم احمد شاہ نے شالیمار پوسٹ گریجوایٹ نرسنگ کالج کے اعلی تعلیمی اور پیشہ وارانہ تربیت کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شالیمار پوسٹ گریجوایٹ ڈگری کالج کے معیار کے نرسنگ کی تعلیم کے ادارے سرکاری شعبہ میں قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور آنے والے سالوں میں صوبے کے تمام اضلاع میں ڈگری نرسنگ کالجز قائم کئے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ پاکستان نرسنگ کونسل سے اس سلسلہ میں ان کا قریبی رابطہ ہے اور نرسنگ کی تعلیم و تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور سائنیٹیفک بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں - سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلی تربیت یافتہ نرسوں کی شدید قلت ہے - انہوں نے کہا کہ میڈیکل سائنس کی ترقی کے ساتھ نرسنگ کے شعبہ میں جدت آ چکی ہے او رپبلک سیکٹر میں ہائی کیلیبر کی نرسز تیار کرنے کے لئے اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں گے -

متعلقہ عنوان :