ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں مشکلات

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 8 ستمبر 2016 18:54

سرگودھا(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 ستمبر۔2016ء ) ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا ایمرجنسی وارڈ بالائی منزل پر ہونے سے جہاں مریضوں اور لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے وہاں پر ان ٹرینڈ نرسوں اور عملہ کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ مریضوں کو چیک کرنیوالے مختلف آلات بھی خراب پڑے ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کے مرض کی صحیح تشخیص نہیں ہو پارہی ہسپتال میں بلڈ پریشر چیک کرنے والی مشین الٹرا ساؤنڈ مشین اور اسی طرح دیگر آلات بھی خراب پڑے ہیں جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہریوں نے کمشنر سرگودھا سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ایمرجنسی کو نیچے شفٹ کیا جائے اور ہسپتال میں خراب آلات کو فوری درست کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سرگودھا کے سرکاری ہسپتالوں میں قائم کنٹینز پر غیر معیاری اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے کے باعث مریضوں اور لواحقین کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑرہے ہیں سول ہسپتال سرگودھا‘ گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال سرگودھا کی کینٹینز پر غیر معیاری اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے نواحی علاقوں سے آنیوالے غریب مریضوں کے لواحقین لٹنے پر مجبور ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ بازاروں میں چھاپے مارنے کیساتھ ساتھ سرکاری اداروں میں قائم کینٹینز کا بھی نوٹس لے اور مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنیوالوں کیخلاف کاروائی کرے۔