وزیر اعظم محمدنواز شریف ملک میں صحت عامہ کے تحفظ اور غذائی کمی کو دور کرنے جامع پایسیوں پر عمل پیرا ہیں ‘راجہ اشفاق سرور

قومی آبادی کا بڑا حصہ غذائی کمی کا شکار ہے جن میں زیادہ تعدادبچوں اور خواتین کی ہے اس کمی کو پورا کرنے کے لئے فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام کے تحت آٹے ، گھی اور خوردنی تیل میں وٹا من اے ڈی اور دیگر اہم غذائی اجزاء شامل کرنے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ‘وزیر محنت و افرادی وقوت

جمعرات 8 ستمبر 2016 18:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء ) پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے اسلام آباد میں یو کے ایڈ کے فوڈ فورٹیفیکیشن پروگرام کا افتتاح کیا۔تقریب میں سفارت کاروں، وفاقی اداروں کے افسران ، غذائی ماہرین ، اقوام متحدہ کے اداروں کے نمائندوں ، فلور ملز و آئل ملز، سول سوسائٹیز کے عہدیداروں اور چاروں صوبوں سے اسٹیک ہولڈرز، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے غذائی کمی کا شکار ملکی آباد ی کے لئے وٹامن اے اور ڈی پر مشتمل ضروری غذائی اجزاء کوانسانی خوراک کا حصہ بنانے کی کوششوں کا خیر مقدم کیااور پروگرام کے اہداف کے حصول کے لئے حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ملک میں صحت عامہ کے تحفظ، بچوں اور خواتین میں غذائی کمی کو دور کرنے اور نوجوان نسل کے خوشحال مستقبل کے لئے دور رس نتائج کی حامل جامع پایسیوں پر عمل پیرا ہیں اور مختلف اداروں کے تعاون سے ایسے پروگرام شروع کئے گئے ہیں جن سے شہریوں کو ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قومی آبادی کا بڑا حصہ غذائی کمی کا شکار ہے جن میں زیادہ تعدادبچوں اور خواتین کی ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لئے فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام کے تحت آٹے ، گھی اور خوردنی تیل میں وٹا من اے ڈی اور دیگر اہم غذائی اجزاء شامل کرنے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ یہ اہم غذائی اجزاء روزانہ خوراک کا حصہ بن کر جسمانی کمزوری دور کر سکیں۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان ، گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب نے پاکستان میں برطانوی حکومت کے تعاون سے شروع کئے جانے والے فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور اسے صحت عامہ کے تحفظ کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے پاکستان کے غریب عوام کو غذائی تحفظ حاصل ہوگا اور بالخصوص خواتین اور بچوں کو عام خوراک کے ذریعے ضروری غذائی اجزاء حاصل ہوں گے۔

انہوں نے اس سلسلے میں قانون سازی کے لئے تعاون کا بھی یقین دلایا ۔ چیف نیوٹریشن اسلم شاہین نے کہا کہ اپنے خطاب میں کہا کہ نئی نسل کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لئے اہم غذائی اجزاء کو خوراک کالازمی حصہ بنانے کے لئے فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام سے بہت مدد ملے گی ۔ تقریب سے ڈائریکٹر نیوٹریشن وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز بصیر خان اچکزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام سے صحت عامہ کے لئے ناگزیرغذائی اجزاء کے حصول میں اہم پیش رفت ہوگی اور اس سے آبادی کا بڑا حصہ مستفید ہو گا۔

فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر توصیف اختر جنجوعہ نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ پاکستان میں آٹے ، گھی اور خوردنی تیل کی تیاری کے دوران اہم غذائی اجزاء کو شامل کرکے ہم عوام میں موجود غذائی قلت کو کم کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں قومی سطح پر حکومت اور معاون اداروں کی بھر پور شرکت سے نیشنل پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں برطانوی حکومت اور اداروں کے تعاون کابھی شکریہ ادا کیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کی فورٹیفیکشن کے صدر عاصم رضا نے کہاکہ فلور ملز میں آٹے کی تیاری کے عمل کے دوران ضروری غذائی اجراء کی آمیزش سے عوام تک باآسانی ایسی خوراک پہنچائی جا سکتی ہے جس سے ان میں غذائی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بتایا کہ تیل اور گھی میں بھی وٹا من اے اور ڈی کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو انسانی صحت کے لئے بے حد ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :