عوام مہنگائی ،بے روزگاری،بدامنی اوربدترین لوڈشیڈنگ کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، صابرحسین اعوان

اجتماع عام ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کا سبب بنے گا،امیر جماعت اسلامی پشاور

جمعرات 8 ستمبر 2016 17:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 ستمبر ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اس اجتماع عام کی اہمیت اس حوالے سے بہت زیادہ ہے کہ ملک پر بے یقینی کے منحوس بادل منڈلا رہے ہیں۔ آزمائے ہوئے سیاسی مقتدر طبقے بے نقاب اور ناکا م ہورہے ہیں۔ عوام مہنگائی،بے روزگاری،بدامنی، بدترین لوڈشیڈنگ کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے۔

حکمران شاہانہ طرز حکومت ،اقربا پروری اور کرپشن چھوڑنے کو تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوریزئی بالا ، سوریزئی پایان اور بڈھ بیر میں اجتماع عام کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ممبرصوبائی اسمبلی ورہنما جماعت اسلامی جاوید مومند ، امیر زون مشتاق احمد خان ،صدر جے آئی یوتھ ٹاؤن فور سیار محمد خان ، ٹاؤن ممبر جان افضل خان ،انجینئر عثمان اور دیگر ذمہ داران نے بھی اجتماعات سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے کہاکہ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام وقانون چاہتے ہیں اس نظام کیلئے جماعت اسلامی بھرپور جدوجہد کررہی ہیں اور اس ملک میں اسلامی نظام رائج ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو روزگار ،تعلیم وصحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عوام کو منظم کرکے اسلامی حکومت قائم کرنا چاہتی ہے ۔

ملک اس وقت بھی بدامنی، دو رنگی سیاست ،بے روزگاری اور مہنگائی کاشکارنوجوان بھی حالات سے ناخوش ا ورملک کیلئے فکرمند ہے۔ اگر سیاست وحکومت بہتر ہوتی تو حالات اس نہج پر نہ پہنچتے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس الحمد اللہ نوجوانوں اور باعمل اچھے لوگوں کی منظم قیادت موجود ہے جماعت اسلامی ملک میں اسلامی تبدیلی لاکر قوم کو مسائل ومشکلات سے نجات دلائیگی ۔انہوں نے کہاکہ ان مایوس کن حالات میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کا یہ اجتماع عام ملک کو ہر طرح کی افراتفری اورحالیہ سیاسی بحران سے نکالنے میں مدد گار ثابت ہوگا اور اس اجتماع عام میں لاکھوں مردوخواتین شرکت کریں گے۔