شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بہتری کیلئے عید تک ٹریفک وارڈنز کی چھٹیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کردی گئی

جمعرات 8 ستمبر 2016 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء ) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کی میٹنگ میں عید الاضحی تک تبادلہ جات اور چھٹیوں پر پابندی عائد کردی انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں قائم عارضی بکر منڈیوں ،اہم کاروباری مراکز اور شاپنگ مالز میں خریداری کیلئے آنیوالوں کی سہولت اور پارکنگ انتظامات کی بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ عید تک تمام ٹریفک افسران اپنے اپنے علاقوں میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور شہریوں کی مدد اور سہولت بارے انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے ہمہ وقت سڑکوں پر موجود رہیں گے ۔ڈی ایس پی صاحبان اہم اور رش والے چوکوں میں خودموجود رہتے ہوئے ٹریفک کو کلیئر کروانے کے ذمہ دار ہونگے۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ایس پیز اپنی ڈویژنز میں قائم عارضی بکر منڈیوں کا باقاعدگی سے وزٹ کریں اور رش والے علاقوں میں اضافی نفری کا بندوبست کریں اہم شاہراؤں پر واقع مارکیٹوں اور خریداری کے مراکز پر وارڈنز کی مناسب ڈیوٹی لگائی جائے جبکہ ٹریفک وارڈنز صبر و تحمل مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کے لئے خصوصی اسکواڈز بھی چلائے جائیں گے جو کہیں بھی ٹریفک کا مسئلہ ہونے کیصورت میں فوری ٹریفک کو کلیئر کروائیں گے جبکہ وارڈنز کی سکینڈ شفٹ میں مزید نفری میں فوری طور پر اضافہ کر دیا جائے،فرائض میں غفلت ولاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہرممکن یقینی بنایا جائے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کی خدمت اور ٹریفک کو رواں دواں رکھیں اور ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے ایجوکیٹ بھی کرتے رہیں ۔

متعلقہ عنوان :