آئی جی سندھ کے صوبے میں سیکیورٹی اقدامات مذید ٹھوس اور مربوط بنانے کے احکامات

جمعرات 8 ستمبر 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) ترجمان سندھ پولیس کے مطابق پشاور وارسک روڈ پر پولیس موبائل کے قریب مبینہ دھماکے کے تناظر میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سندھ بھر میں سیکیورٹی اقدامات مذید ٹھوس اور مربوط بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔میڈیا پر دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کے حوالے سے رپورٹس پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو داخلی خارجی راستوں, مرکزی شاہراہوں, ذیلی سڑکوں سمیت مضافاتی اور گنجان آباد علاقوں میں مخصوص پوائنٹس بناکر ناکہ بندی کے تحت اسنیپ چیکنگ اور سرچنگ کے عمل کو مؤثر و مربوط بنایا جائے ۔

انہوں نے مذید کہا کہ حلقہ پی ایس 127 میں جاری ضمنی انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے جس کے تحت پولنگ اسٹاف ودیگر عملے سمیت رائے دہندگان و دیگر شہریوں کو ہر سطح پر تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے مجموعی امور میں تمام پبلک مقامات, صنعتی وتجارتی علاقوں, حساس تنصیبات, اہم سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں, ائیرپورٹس, ریلوے اسٹیشنوں, بس ٹرمینلز وغیرہ پر تھانوں کی سطح پر تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے ۔

انہوں نے تمام ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ شہر میں گاڑیوں کو جلانے کے واقعات پر انتہائی سخت نوٹس لیتے ہوئے مقدمات کا اندراج کیا جائے اور ایسے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ خفیہ سراغ رسانی و انٹیلی جینس کلیکشن و دیگر ضروری اقدامات کی بدولت شرپسندوں و جرائم پیشہ عناصر کی باقاعدہ نشاندھی کرتے ہوئے انکی گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مذید ہدایات میں کہا کہ ضلعی سطح پر ٹرانسپورٹ برادری کو اعتماد میں لیا جائے اور انھیں درپیش مسائل ومشکلات کے حل واذالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ پبلک و دیگر ٹرانسپورٹ کی بلاتعطل روانی سے عوام استفادہ کرسکے ۔

متعلقہ عنوان :