22جولائی کو پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ کو ایشیا کی بہترین مارکیٹ قراردیا گیا،اسحاق ڈار

جمعرات 8 ستمبر 2016 16:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رواں سال 22جولائی کو پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ کو ایشیاء کی بہترین مارکیٹ قراردیا گیا ،سٹاک مارکیٹ کو مضبوط بنانے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی اور 32سال بعد ایک جامع کمپنیز کا قانون لارہے ہیں۔ 1999میں ملک میں 1200میگاواٹ اضافی بجلی موجود تھی جب 2013میں حکومت سنبھالی تو ہزاروں میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا کرناپڑا۔

جمعرات کو سٹاک ایکسچینج میں بہترین کارکردگی کی حامل کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی،وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ایوارڈ جیتنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں،عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کے معاشی استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں،پاکستان کی درجہ بندی میں اضافہ مربوط اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے،سخت فیصلوں سے سٹاک ایکسچینج اور معیشت کو فائدہ ہوا اور دنیا کے نقشے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج ابھر کر سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 22جولائی کو پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ کو ایشیاء کی بہترین مارکیٹ قراردیا گیا،اسٹاک ایکسچینج میں بہتر معیشت میں استحکام سے براہ راست منسلک ہے،کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے نئے قوانین وضع کیے گئے،سٹاک مارکیٹ کو مضبوط بنانے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی اور 32سال بعد ایک جامع کمپنیز کا قانون لارہے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ معیشت میں استحکام اور توانائی بحران کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح تھی اور ان تینوں چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پایا ہے،مجموعی ملکی پیداوار3فیصد سے بڑھ کر 4.7فیصد ہوگئی ہے، 1999میں ملک میں 1200میگاواٹ اضافی بجلی موجود تھی جب 2013میں حکومت سنبھالی تو ہزاروں میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا کرناپڑا۔

2018 میں عوام کو لوڈشیڈنگ فری پاکستان دیں گے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہزاروں میگاواٹ بجلی منصوبوں پر کام جاری ہے،نجی شعبے کو قرض دینے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سرکاری ترقیاتی پروگرام کا بجٹ800ارب تک پہنچ گیا ہے،ملک کے کمزور طبقے کیلئے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو بھی مضبوط بنایا گیا ہے۔