گورنمنٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا راولپنڈی میں 4کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں رکنے پر احتجاج

وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعرات 8 ستمبر 2016 15:21

راولپنڈی ۔ 08 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 ستمبر۔2016ء) گورنمنٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے راولپنڈی ضلع میں مختلف سکیمیں مکمل ہونے پر سائیٹ وزٹ نہ کرنے ، بروقت بل سائن نہ کرنے اور 4کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں رکنے پر احتجاج کر تے ہوئے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ‘ٹھیکیدار‘ اور انکے پاس خدمات سرانجام دینے والے مزدور ‘مستری اور معاون عملہ ادئیگیاں نہ ہونے پر شدید مشکلات کا شکار ہیں ‘ادائیگیاں عید سے قبل نہ ہوئیں تو ہم لوگ عید الاضحی کے موقع پر قربانی جیسا فریضہ بھی ادا کرنے سے قاصر رہیں گے ۔

گورنمنٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیف کوارڈنیٹر سید اعجاز شاہ کے مطابق راولپنڈی ضلع کے سینکڑوں ٹھیکیداروں نے گذشتہ تین ماہ کے دوران راولپنڈی ضلع میں مختلف سرکاری اداروں میں سکیمیں مکمل کیں اور اسکے ساتھ ساتھ دیگر تعمیر و ترقی کے منصوبے بھی بروقت مکمل کیے ‘مالی سال مکمل ہونے کے بعد 2ماہ 15دن کے بعد حکومت پنجاب نے فنڈز تمام اضلاع کی طرح راولپنڈی کے شعبہ بلڈنگ کو جاری کر دیئے ہیں لیکن شعبہ بلڈنگ کے افسران نے مکمل ہونے والی سکیموں کا سائیٹ وزٹ نہیں کیا اور نہ ہی بل بروقت سائن کر کے آگے بھجوائے اسی وجہ سے کنسلٹنٹس نے راولپنڈی ضلع کے تمام بل روک دیئے ہیں جس کی وجہ سے ادائیگیاں بھی رک گئیں ہیں ‘شعبہ بلڈنگ کے افسران کی اس غفلت کے باعث تمام ٹھیکیدار سراپا اجتجاج ہیں ‘ٹھیکیداروں نے آگے مستریوں اور مزدوروں کو بھی ادائیگیاں کرنا ہے جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں جا کر اپنے بچوں کے ساتھ عید کرنی ہے اور حسب استطاعت عیدا لاضحی کے موقع پر قربانیاں بھی کرنی ہیں لیکن ہمارے ساتھ منسلک تمام طبقات شدیدمالی مشکلات کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر 48گھنٹوں میں ہماری مکمل ادائیگیاں نہ ہوئیں تو سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور غفلت و لاپرواہی کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کریں ۔

متعلقہ عنوان :