سیکٹر آئی 12میں عنقریب میاں نواز شریف ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ، راولپنڈی کینٹ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے وفاق خصوصی فنڈز فراہم کریگا

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے چئیرمین ملک ابرار احمد کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 8 ستمبر 2016 15:21

راولپنڈی ۔ 08 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے چئیرمین ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم پر واقع رہائشی سیکٹر آئی 12میں عنقریب میاں نواز شریف ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ، راولپنڈی کینٹ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن ‘ایم آر آئی، سی ٹی سکین ‘ڈائیلاسز سمیت تمام شعبہ جات شروع کرنے کے لئے وفاق خصوصی فنڈز فراہم کریگا ۔

جمعرات کو یہاں صحافیوں سے خصوصی بات چیت کر تے ہوئے ملک ابرار احمد نے کہا کہ انشاء اللہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر رہائشی علاقے آئی 12 کے لئے ایک بڑے ہسپتال ،جسمیں ہر سہولت ممکن اور شعبہ قائم ہوگا ،کی منظوری لے لی گئی ہے ‘عنقریب آئی 12میں میاں نواز شریف ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ‘اس کیلئے تمام فنڈز وفاق فراہم کریں گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ جنرل ہسپتال میں عوام کو درپیش شدید مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس ہسپتال کی مکمل اپ گریڈیشن کرانے کے ساتھ ساتھ یہاں پر ایم آر آئی ‘سی ٹی سکین ‘ڈائیلاسز ‘تمام آپریشن تھیڑ میں نئے اور جدید آلات اور مشنیری کی فراہمی اور عوام کی ضرورت کے تمام شعبہ جات قائم کیے جائیں گے ‘اس کے فنڈز بھی وفاق فراہم کریگی ۔کینٹ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام عیدا لاضحی کے بعد شروع ہوجائے گا اور یہ منصوبہ جنگی بنیادوں پر مکمل کر کے راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے والا سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال تحفے میں دیں گے ۔