ہمارے نوجوانوں کو ترقی اور کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے کیلئے چین کی تیز رفتار ترقی سے آگاہی حاصل کرنا ہو گی، آصف سعید منہیس

جمعرات 8 ستمبر 2016 15:06

لاہور۔8 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 ستمبر۔2016ء) ہماری نوجوان نسل کو ترقی اور کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے کے لئے چین کی مختلف شعبہ زندگی میں ہونے والی تیز رفتار ترقی سے آگاہی حاصل کرنا ہو گی اور چینی زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی ثقافت کا بھی مطالعہ کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن ، یوتھ افےئر اینڈ سپورٹس آصف سعید منہیس نے چین کے قونصلر جنرل مسٹر ذائی یو بورن کی جانب سے چائنہ کا دورہ کرکے آنے والے یوتھ کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پرکیا۔

انہوں نے کہاکہ چین کی پاکستان کے ساتھ دوستی کسی تعارف کی محتاج نہیں ، خاص کر سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے جس کی تکمیل سے خطے میں صنعتی انقلاب آنے کیساتھ تجارت کوبھی فروغ ملے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی مثالی ہے، اس دوستی اور ترقی کے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے دونوں ملکوں کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ چین کی تیز رفتار ترقی سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کے لئے مختلف جامع اور مختصر پروگرام مرتب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے دونوں ملکوں کے نوجوان ایک دوسرے کی زبان، ٹیکنالوجی، ثقافت او ردیگر شعبوں میں آگاہی حاصل کرسکیں گے۔تقریب کے اختتام پر چائنیزقونصل جنرل کی طرف سے صوبائی وزیر کو سوینئر پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :