پشاور کے نواحی علاقے ورسک روڈ پر پولیس کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا ‘ آٹھ اہلکار زخمی ‘ دو کی حالت تشویشناک

جمعرات 8 ستمبر 2016 14:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) پشاور کے نواحی علاقے ورسک روڈ پر پولیس کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے پولیس وین تباہ اور 8 پولیس اہلکارزخمی ہوگئے جن میں سے 2کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پشاور کے ورسک روڈ پر درمنگی کے علاقے میں پولیس موبائل وین کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنزپشاور عباس مجید مروت نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ چار کلو گرام دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا جونہی پولیس موبائل وین وہاں سے گزری، زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ اور اس میں سوار 8 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دھماکا پولیس آپریشنز کا ردعمل ہوسکتا ہے۔ڈی ایم ایس ایڈمن ، ایل آر ایچ ڈاکٹر غلام سبحانی کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

متعلقہ عنوان :