قومی اسمبلی ‘ اپوزین کا وزیر اعظم کے خلاف اپوزیشن کے ریفرنس کو خارج کرنے کے حوالے سے سپیکر کے فیصلے پر واک آؤٹ

جمعرات 8 ستمبر 2016 14:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے وزیر اعظم کے خلاف اپوزیشن کے ریفرنس کو خارج کرنے کے حوالے سے سپیکر کے فیصلے پر واک آؤٹ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دہرا معیار اختیار کیا ہے ‘ غیر جانبدار نہیں رہے ۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی تقریر کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی تقریر کرنے کیلئے کھڑے ہوئے اور اعلان کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے اجلاس کے دوران متفقہ فیصلہ کیا کہ سپیکر کے رویے اور جانبداری کے خلاف پوری اپوزیشن واک آؤٹ کریگی اس لیے ہم اجلاس سے واک آؤٹ کر رہے ہیں ۔

انہ وں نے کہاکہ خورشید شاہ کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماوٴں کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے جنہوں نے متفقہ طور پر قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی اراکین واک آؤٹ کر گئے جس کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ خطاب کرنے کیلئے کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپوزیشن کی حمایت کرتے ہوئے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر رہی ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین بھی اٹھ کر اسمبلی سے باہر چلے گئے ۔

اسمبلی سے واک آؤٹ کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان ایاز صادق کے خلاف گھر بیٹھ کر بھی بیان دے سکتے تھے لیکن اسے ریکارڈکا حصہ بنانے کیلئے اسمبلی میں آئے ۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جس میں عمران خان کے موقف کی تائید کی گئی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف اپوزیشن نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا جس پر ہم پیپلز پارٹی ‘جماعت اسلامی ‘ قومی وطن پارٹی ‘ عوامی مسلم لیگ ‘ مسلم لیگ (ق)سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے موقف تسلیم کر نے پر شکر گزار ہیں انہوں نے کہاکہ ایاز صادق نے امتیازی سلوک برتا ہے اس لیے اب وہ غیر جانبدار نہیں رہے ۔