انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر کا شرجیل خان سے معاہد ے کا اعلان

شرجیل خان نیٹ ویسٹ بلاسٹ 2017 میں لیسٹر شائر کی جانب سے کھیلیں گے

بدھ 7 ستمبر 2016 20:22

انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر کا شرجیل خان سے معاہد ے کا اعلان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 ستمبر ۔2016ء) انگلش کانٹی لیسٹر شائر نے نیٹ ویسٹ بلاسٹ 2017 کے سیزن کے لیے پاکستانی بیٹسمین شرجیل خان سے معاہدے کا اعلان کر دیا ہے۔لیسٹر شائر نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ سابق آسٹریلین کرکٹر کلنٹ میکے ان کے دوسرے غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے۔ اس سیزن میں لیسٹر شائر نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 14 میچوں کے دوران اسے آٹھ میں شکست، چار میں کامیابی ہوئی جبکہ دو میچوں کا نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا تھا۔

اس خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ اپنے گروپ میں سب سے آخری نمبر پر رہی تھی۔ لیسٹر شائر کو امید ہے کہ پاکستانی بیٹسمین انھیں آئندہ مکمل سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا اس حوالے سے کہنا تھا ہم جانتے ہیں کہ دیگر کانٹیز بھی شرجیل جیسی قابلیت کے حامل کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں لیکن ہم 2017 کے سیزن کے لیے ان کی خدمات حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ شرجیل خان دھواں دھار بیٹسمین ہیں اور وہ ہمارے لیے ٹی 20 میچوں میں دوسرے اوپنر کے طور پر آپشن دیں گے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے شرجیل خان کا کہنا تھا کانٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی میرا مقصد رہا ہے اور میں یہ موقع فراہم کرنے پر لیسٹر شائر کا بہت مشکور ہوں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر بیٹسمین بھی اس سے پہلے لیسٹر شائر کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور عمر اکمل شامل ہیں اور وہ ان کے نقشِ قدم پر چلنے پر بہت خوش ہیں۔

واضح رہے ایک روزہ اور ٹی 20 میچ کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود شرجیل خان نے حال ہی میں آئر لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں 62 گیندوں پر سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ بریج میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں 30 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

متعلقہ عنوان :