قومی اسمبلی اجلاس،ایوان میں تلاوت و نعت کے بعد قومی ترانہ بجایا جائے اس سے قوم میں نیا جذبہ پیدا ہوگا‘ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

بدھ 7 ستمبر 2016 16:29

اسلام آباد ۔7 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 ستمبر۔2016ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے تجویز دی ہے کہ ایوان میں کارروائی کے آغاز پر تلاوت و نعت کے بعد قومی ترانہ بجایا جائے اس سے قوم میں نیا جذبہ پیدا ہوگا‘ وومن کاکس کو دنیا تسلیم کرتی ہے‘ اسے فعال بنایا جائے‘ قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن کا تقرر کیا جائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ قرآن حکیم کی تلاوت اور نعت رسول مقبول کے بعد ایوان میں قومی ترانہ بجایا جائے اس سے قوم میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوگا۔ انہوں نے احتساب اور آرڈیننسوں کے اجراء کے حوالے سے اراکین کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے خواتین جیسے ادارے کے لئے چیئرپرسن کی تعیناتی کی جائے۔ خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ وومن کاکس کو میں نے مضبوط بنایا تھا اس فورم کو فعال بنایا جائے۔ کسی کو بھی وومن کاکس کو اپنی ذات اور انفرادی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔